Time 09 اگست ، 2018
پاکستان

وزیراعظم آزاد کشمیر اور محمود اچکزئی کو نوازشریف سے ملاقات کی اجازت نہ ملی


اسلام آباد: وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر اور پشتونخوا میپ کے سربراہ محمود اچکزئی کو اڈیالہ جیل میں نوازشریف سے ملاقات کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

اڈیالہ جیل میں آج قیدیوں سے ملاقات کا دن ہے اور میاں نوازشریف، مریم نواز، کیپٹن (ر) صفدر سے ملاقات کے لیے پارٹی رہنما اڈیالہ جیل پہنچے ہیں۔ 

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود اچکزئی بھی نوازشریف سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے تاہم انہیں ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی جب کہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر اور سینیٹر عثمان کاکڑ کو بھی ملنے کی اجازت نہیں ملی۔

اس کے علاوہ سینیٹر پرویز رشید اور عرفان صدیقی کو بھی میاں نوازشریف سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔

 جیل سپرنٹنڈنٹ نے ملاقات کی درخواست رد کردی: پرویز رشید

اڈیالہ جیل کے باہر جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ نے نواز شریف سے ملاقات کی درخواست رد کردی، ہمیں کہا گیاآپ لوگ جیل کی حدود سے چلے جائیں، میں نےجیل حکام سے کہا کہ بطور پارلیمنٹیرین جیل کا معائنہ میرا حق ہے لیکن نوازشریف کی وجہ سے ہمیں اس حق سے بھی محروم کردیا گیاہے۔

عرفان صدیقی کا کہنا تھاکہ لسٹ پتہ نہیں کہاں سے بن کرآئی اس میں نام نہیں، مجھے کہا گیا آپ مل چکے ہیں دوبارہ نہیں مل سکتے، اس طرح قریبی لوگوں کو ملاقات سے محروم رکھنا جبر کے مترادف ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ملاقات کا دورانیہ ایک سے بڑھا کر 2 یا 3 دن کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

 ہر بار ملاقات کرنے سے منع کردیتے ہیں، یہ کیا طریقہ ہے: اچکزئی

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگومیں محمود اچکزئی نے کہاکہ دو ہفتے سے اسلام آباد میں ہوں، ہر بار مجھے منع کردیتے ہیں، یہ کیا طریقہ ہے، وہ تین بار کے وزیراعظم ہیں۔

محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ آئین ہر آدمی کوجیل میں کسی بھی آدمی سے ملاقات کا حق دیتا ہے۔

دوسری جانب میاں نوازشریف سے ملاقات کے لیے شہبازشریف بھی بذریعہ موٹروے لاہور سے اسلام آباد روانہ ہوگئے ہیں۔

 مریم اورنگزیب، سعود مجید، برجیس طاہر اور سعد رفیق بھی سابق وزیراعظم سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے۔

اس کے علاوہ عابد شیر علی، طارق فضل چوہدری، غلام بلور، محمد زبیر امیر، امیر مقام، رانا تنویر، بلیغ الرحمان، عطا الحق قاسمی اور طارق فاطی بھی اہلیہ کے ہمراہ اڈیالہ جیل پہنچ گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ نوازشریف سے ملاقات میں شہبازشریف سیاسی منظرنامے سے متعلق ان سے ہدایت لیں گے۔

واضح رہےکہ ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا سنائے جانے کے بعد نوازشریف، مریم نواز اور  کیپٹن (ر) صفدر اڈیالہ جیل میں قید ہیں جب کہ لیگی رہنما صفدر عباسی بھی ایفی ڈرین کیس میں سزا پانے کے بعد اڈیالہ جیل میں ہیں۔

مزید خبریں :