ایل او سی پر 65 سالہ کشمیری کی شہادت، پاکستان کا بھارت سے شدید احتجاج

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے جوابی کارروائی میں بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا—۔فائل فوٹو

مظفر آباد: لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی افواج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 65 سالہ کشمیری شہری شہید ہو گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن پر  شہریوں پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں ڈنہ سیکٹر کے گاؤں موجی میں ایک 65 سالہ کشمیری شہری شہید ہوگیا۔

تاہم پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں بھارتی بندوقیں خاموش ہوگئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے جوابی کارروائی میں بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق ایل او سی پر بھارتی فوج کی جانب سے اشتعال انگیزی پر بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی کی جانب سے بھارتی اشتعال انگیزی پر شدید احتجاج کیا گیا اور بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ دیا گیا۔

بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے، جب ایک روز قبل ہی پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کا ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا، جس کے دوران لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی کے معاملات پر اظہارِ خیال کیا گیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق پاکستان کے ڈی جی ایم او نے ہاٹ لائن رابطے کے دوران انتباہ کیا تھا کہ بھارت ایل او سی پر کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی سےگریز کرے، جس پر بھارتی ڈی جی ایم او نے حالات خراب کرنے والے اقدام سےگریز کی یقین دہانی کروائی تھی۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی ڈی جی ایم او نے امن کی خواہش کے عزم کا اعادہ کیا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے جارحیت کے اقدامات جاری رہے تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔