23 اگست ، 2018
کراچی: شاہراہ فیصل پر واقع عوامی مرکز کے قریب سپر اسٹور کے بیسمنٹ میں لگنے والی آگ کئی گھنٹوں بعد بھجا دی گئی جس کے بعد کولنگ کا عمل جاری ہے۔
پاک بحریہ کے فائر ٹینڈرز سمیت 6 فائر ٹینڈرز آگ بجھانے کے عمل میں مصروف رہے ، آگ کی شدت کے باعث صفورہ اور نیپا ہائیڈرنٹ پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
آگ بجھانے کے لیے سپر اسٹور کی ایک جانب کی دیوار توڑی گئی اور دھوئیں کے باعث ریسکیو کی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
آگ لگنے کی وجوہات کا تاحال علم نہ ہوسکا تاہم آتشزدگی کے باعث بیسمنٹ کو شدید نقصان پہنچا اور وہاں رکھا گیا سامان جل کر خاک ہوگیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ رات نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں واقع ایک کپڑے کی فیکٹری میں بھی آگ لگ گئی تھی، جس پر 3 گھنٹے بعد قابو پایا گیا تھا۔