پاکستان
Time 15 ستمبر ، 2018

محبت کی شادی جرم بن گئی، لڑکی والوں نے لڑکے کو بھونکنے پر مجبور کردیا


کبیروالا میں انسانیت کی تذلیل کا شرمناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں نوجوان کا محبت کی شادی کرنا جرم بن گیا، لڑکی کے رشتے داروں نے نوجوان اور اس کے بھائی پر ظلم کے پہاڑ توڑ دیے، ڈنڈوں سے تشدد کیا، زمین پر ناک رگڑوائی، کتے کی طرح بھونکنے پر مجبور کیا اور وڈیو بھی بنائی۔

کبیروالا کےنواحی علاقے کنڈ سرگانہ میں انسانیت دم توڑ گئی، محبت کی شادی جرم بن گئی، تلمبہ کے رہائشی نوجوان نے کورٹ میرج کی تو لڑکی کے والدین اسے باقاعدہ رخصت کرنے کا کہہ کرگھر لے گئے۔

پھر پانچ روز قبل نوجوان کو بہانے سے کنڈ سرگانہ بلوالیا، نوجوان اپنے بھائی کے ساتھ جب پہنچا تو لڑکی کے رشتے داروں ان کے ساتھ وہ سلوک کیا جس سے انسانیت بھی شرما جائے۔

پہلے تشدد کیا، کتے کی طرح بھونکنے پر مجبور کیا، زمین پر ناک رگڑوائی، والد کو گالیاں دلوائیں، یہی نہیں ملزمان اس ظلم کی وڈیو بھی بناتے رہے، زبان کھولنے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔

وڈیو منظرعام پر آنے کے بعد پولیس نے 2 ملزمان سجاد اور جاوید کو حراست میں لے لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث لڑکی کے تایا، چچا اور کزن سمیت دیگر 7 ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کبیر والا میں 2 بھائیوں پر تشدد کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او خانیوال سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے اور تشدد کا نشانہ بننے والے بھائیوں کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیا جائے۔

مزید خبریں :