پاکستان
Time 05 اکتوبر ، 2018

الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے لیے ابتدائی انتظامات مکمل کرلیے

قومی اسمبلی کی 11 اور صوبائی اسمبلیوں کی 25 نشستوں کیلئے پولنگ 14 اکتوبر کو ہوگی، بیلٹ پیپرز چھپ گئے، امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولنگ کے روز فوج بھی طلب۔ فوٹو: فائل

لاہور: قومی اسمبلی کی 11 اور صوبائی اسمبلیوں کی 25 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے ابتدائی انتظامات مکمل کرلیے۔ 

ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخاب کے لیے چاروں صوبوں میں پولنگ 14 اکتوبر کو ہوگی جس کے لیے تمام حلقوں کے بیلٹ پیپرز بھی چھپ چکے ہیں۔

پنجاب اسمبلی کی 12، خیبرپختونخوا اسمبلی کی 9، سندھ اور بلوچستان کی دو دو نشستوں پر پولنگ ہونا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ کے روز امن و امان برقرار رکھنے کے لئے فوج کو طلب کیا ہے، فوجی جوان پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر تعینات ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا سامان ریٹرننگ آفیسرز کو پہنچا دیا گیا ہے جب کہ پولنگ عملے کی تعیناتی اور ابتدائی تربیت بھی دے دی گئی ہے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل فون لے جانے پر پابندی ہوگی، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں خواتین پولنگ اسٹیشنوں پر غیر متعلقہ مردوں کا داخلہ بند ہوگا۔

تمام حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے جائیں گے۔

مزید خبریں :