Time 25 اکتوبر ، 2018
پاکستان

کراچی میں بھتے کا گندا دھندہ ایک بار پھر شروع ہوگیا

کراچی میں بھتہ خور ایک بار پھر سرگرم ہوگئے ہیں اور اس بار طریقہ واردات بھی مختلف ہے— فوٹو: فائل

کراچی میں بھتے کا گندا دھندہ ایک بار پھر شروع ہوگیا، انٹرنیشنل نمبر سے واٹس ایپ پر کال آئی، 50 لاکھ روپے بھتہ مانگا، کار چلاتے تاجر نے فون کاٹا تو ساتھ چلتی موٹر سائیکل سے فائرنگ کردی گئی۔

کراچی میں بھتہ خور پھرنئے انداز سے سرگرم ہوگئے ہیں اور اس بار طریقہ واردات بھی پچھلی وارداتوں سے الگ ہے۔

گزشتہ رات پیپلزچورنگی پر بھتہ نہ دینے پر گاڑی پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا، زخمی کا شف کے بھائی کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات انٹرنیشنل نمبر سے واٹس ایپ پر کال آئی، 50 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا گیا اُس نے کال کاٹ دی۔ دو سے تین مرتبہ دوبارہ کالز آئیں لیکن اُس نے کال وصول نہیں کی اور اسی دوران پیپلز چورنگی کے قریب پہنچتے ہی وہاں پر موجود موٹر سائیکل پرسوار 2 نامعلوم ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کردی۔

پولیس کے مطابق زخمی شخص سے فون پر 50 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا گیا تھا اور بھتہ مانگنے والے شخص نے اپنا تعارف لیاری گینگ وار کے زاہد لاڈلہ کے طور پر کرایا تھا۔

پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

گینگ وارکے زاہد لاڈلہ اور وصی لاکھو ایران میں ہیں، رینجرز

رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ کراچی آپریشن کے ذریعے سیاسی جماعتوں کے اندر منظم مسلح گروپس ختم کردیئے گئے، پولیس اور رینجرز اب اس پوزیشن میں ہیں کہ منظم جرائم نہ ہونے دیں۔

رینجرز حکام نے بتایا کہ لیاری گینگ وارکے زاہد لاڈلہ اور وصی لاکھو ایران میں ہیں، گینگ وار کارندے بیرون ملک سے گروپس فعال کرنے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں۔ انہیں واضح پیغام دیا گیا ہے کہ اگروہ واپس آئے تو ان کا انجام بھی غفار ذکری اور بابا لاڈلہ جیسا ہی ہوگا۔

رینجرز حکام نے مزید بتایا کہ بین الاقوامی کرائم انڈیکس میں کراچی 68 ویں نمبر پر آ گیا ہے، جب کہ 2014 میں کراچی انٹرنیشنل کرائم انڈیکس میں چھٹے نمبر پر تھا۔تاہم اسٹریٹ کرائمز ہر دور میں ہوتے رہے ہیں، ان کے خاتمے کیلئے سب کو مل کر کوششیں کرنا ہوں گی، اسٹریٹ کرائمز روکنے کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں کا جال بچھانا چاہیے۔

رینجرز حکام نے کہا کہ 2500 سے زائد اسٹریٹ کرمنلز پکڑ کر پولیس کے حوالے کیے، تاہم 72 فیصد ملزمان ایک ماہ سے بھی کم وقت میں ضمانتوں پر رہا ہو گئے۔

مزید خبریں :