06 نومبر ، 2018
اسلام آباد: ملک میں حالیہ دنوں میں ہونے والے احتجاج کےدوران جلاؤ گھیراؤ سے متعلق ابتدائی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی گئی۔
وزیراعظم عمران خان کو دورۂ چین سے واپسی پر ملک میں حالیہ دنوں مسیحی خاتون آسیہ بی بی کی بریت کے خلاف ہونے والے احتجاج سے متعلق ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی جس میں دھرنے کے دوران شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی کے بارے میں آگاہ کیاگیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ شرپسندی میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اس معاملے پر وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے اور دیگر اداروں سے بھی مدد لی جارہی ہے جب کہ ایف آئی اے اور پی ٹی اے سوشل میڈیا پر کام کررہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ملک میں شرپسندی پھیلانے والوں کی ویڈیوز اور تصاویر جاری کردی گئی ہیں تاکہ ان کے خلاف بھرپور کارروائی کی جاسکے۔
واضح رہےکہ تحریک لبیک کی جانب سے دی جانےوالی احتجاج کی کال پر کراچی سمیت ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور اس دوران قومی املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔
حکومت نے ملک میں شرپسندی پھیلانے اور املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا تھا جس کے تحت ملک کے مختلف شہروں میں سیکڑوں مقدمات درج کرکے متعدد ملوث افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔