پاکستان
Time 19 نومبر ، 2018

کراچی: لائٹ ہاؤس اور آرام باغ میں قائم تجاوزات کیخلاف آپریشن


کراچی: شہر قائد میں جاری انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران آج آرام باغ کے بعد لائٹ ہاؤس کے علاقے میں غیر قانونی دکانیں گرائی گئیں۔

صدر ایمپریس مارکیٹ سے شروع ہونے والا گرینڈ آپریشن شہر کے بیشتر حصوں تک پھیل گیا ہے۔

بلدیہ عظمی اور ضلعی انتظامیہ نے آرام باغ اور لائٹ ہاؤس کے علاقوں میں دکانداروں کو رضاکارانہ طور پر فوری دکانیں خالی کرنے کے اعلانات کیے گئے اور پھر کچھ ہی دیر میں مشینری کی مدد سے آپریشن شروع کیا۔

میٹروپولیٹن کمشنر سیف الرحمان نے بتایا کہ حالیہ کارروائی میں 600 سے زائد غیر قانونی دکانیں گرادی گئیں ہیں۔

کارروائی میں لائٹ ہاؤس میں واقع لنڈا بازار کی دکانوں کو مسما ر کیا گیا جس پر وہاں موجود دکانداروں نے احتجاج بھی کیا۔

دکانداروں کا کہنا تھا کہ 30 سال پرانی مارکیٹ کو ایک نوٹس پر خالی کرائی جارہی ہے۔

دکانداروں کا دعویٰ ہے کہ لائٹ ہاؤس کی مارکیٹ 1952 سے قائم ہے اور یہ غیر قانونی نہیں جب کہ دکاندار ہر 6 ماہ بعد بینک کے ذریعے کے ایم سی کو کرایہ ادا کرتے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق گرائی گئی تجاوزات کا ملبہ ایک روز میں اٹھالیا جائے گا۔

فوٹو: جیو نیوز

یاد رہے کہ کے ایم سی اور انسداد تجاوزات کمیٹی کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات کے انہدام کا سلسلہ جاری ہے اور صدر کے علاقے میں بھی قائم ایک ہزار سے زائد دکانیں گرادی گئی ہیں۔

ایمپریس مارکیٹ اور اس کے اطراف پتھارے اور غیر قانونی دکانیں ختم کرنے کے بعد ملبہ اٹھالیا گیا ہے جس کے بعد علاقے کی خوبصورتی واپس لوٹ آئی ہے۔

مزید خبریں :