کھیل
Time 26 اپریل ، 2024

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024: پاکستان ٹیم میں کونسے کھلاڑی ہونے چاہئیں؟ وقار یونس نے بتادیا

اگر یہ کھلاڑی فٹ ہیں تو بابر اعظم، صائم ایوب اور فخر زمان کے ساتھ میرا اسکواڈ تین اوپنرز پر مشتمل ہوگا: وقار یونس__فوٹو: فائل
 اگر یہ کھلاڑی فٹ ہیں تو بابر اعظم، صائم ایوب اور فخر زمان کے ساتھ میرا اسکواڈ تین اوپنرز پر مشتمل ہوگا: وقار یونس__فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وقار یونس نے رواں برس جون میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اپنے پاکستانی اسکواڈ میں شامل کرکٹر کا نام بتایا ہے۔

349 بین الاقوامی میچوں میں گرین شرٹس کی نمائندگی کرنے والے وقار یونس پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کمنٹری کر رہے، جس دوران ان سے پوچھا گیا کہ وہ ورلڈ کپ کے لیے کن کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ' اگر یہ کھلاڑی فٹ ہیں تو  بابر اعظم، صائم ایوب اور فخر زمان کے ساتھ میرا اسکواڈ تین اوپنرز پر مشتمل ہوگا، اور محمد رضوان اور  عثمان خان کو بھی ورلڈ کپ میں جانے کی ضرورت ہے'۔

وقار نے کہا کہ ' پھر، یقیناً آپ کے پاس اعظم خان ہے، اگر آپ کے پاس دو وکٹ کیپر ہیں تو انہیں ٹیم میں ہونا چاہیے، افتخار احمد کو بھی ٹیم میں ہونا چاہیے'۔

سابق کپتان نے مزید کہا کہ 'شاداب خان یقینی طور پر خود بخود ٹیم میں آجاتے ہیں، عماد وسیم اور ابرار احمد کو بھی ٹیم میں ہونا چاہیے، اس کے علاوہ  اسامہ میر، مجھے لگتا ہے کہ پاکستان کو اس کی ضرورت ہوگی'۔

انہوں نے فاسٹ بولرز سے متعلق کہا کہ اگر یہ فٹ ہوئے تو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے شاہین آفریدی اور محمد عامر سمیت نسیم شاہ اور حارث رؤف کو چانا چاہیے'۔

وقار یونس کی بتائی گئی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی ٹیم:

بابر اعظم (کپتان)، صائم ایوب، فخر زمان، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، عثمان خان، اعظم خان (وکٹ کیپر)، افتخار احمد، شاداب خان، عماد وسیم، ابرار احمد، اسامہ میر، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمد عامر اور حارث رؤف

یاد رہے کہ پاکستان گروپ اے میں روایتی حریف بھارت کے ساتھ ہے اور دونوں ٹیمیں 9 جون کو نیو یارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ورلڈ کپ کے سب سے بڑے مقابلوں میں سے ایک میں ایک دوسرے سے مدمقابل ہوں گی۔  

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ یکم جون 2024 سے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شروع ہونے جارہا ہے۔

T20 ورلڈ کپ 2024 کے گروپس

گروپ اے: پاکستان، بھارت، آئرلینڈ، کینیڈا، یو ایس

گروپ بی: انگلینڈ، آسٹریلیا، نمیبیا، اسکاٹ لینڈ، عمان

گروپ سی: نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، افغانستان، یوگانڈا، پاپوا نیو گنی

گروپ ڈی: جنوبی افریقا، سری لنکا، بنگلادیش، نیدرلینڈز، نیپال

مزید خبریں :