پاکستان
Time 18 دسمبر ، 2018

برٹش ایئرویز کا 10 سال بعد پاکستان کیلئے پروازیں بحال کرنے کا اعلان

برٹش ایئرویز آئندہ سال جون سے فلائٹ آپریشن بحال کرے گی اور ہفتے میں تین پروازیں اسلام آباد سے ہیتھرو ایئرپورٹ کیلئے آپریٹ کی جائیں گی، نمائندہ برٹس ایئرویز۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: برٹش ایئرویز نے 10 سال بعد پاکستان کے لیے دوبارہ پروازیں بحال کرنے کا اعلان کردیا۔

برٹش ایئرویز کے نمائندوں کا اسلام آباد میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آئندہ سال جون سے فلائٹ آپریشن شروع ہوگا اور برٹش ایئرویز اسلام آباد سے ہیتھرو کے لیے فلائٹ آپریٹ کرے گی۔

برٹش ایئرویز کے نمائندوں کے مطابق برٹش ایئر ویز ہفتے میں تین فلائٹ آپریٹ کرے گی جب کہ دو طرفہ ٹکٹ 499 پاؤنڈ میں دستیاب ہوگا۔

برٹس ایئرویز کے نمائندوں نے کہا کہ پاکستان میں فضائی آپریشن کے لیے تھری کلاس 787 ڈریم لائن طیارے استعمال کیے جائیں گے۔

برٹش ایئر ویز ہفتے میں تین فلائٹ آپریٹ کرے گی، نمائندہ۔ فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب

برٹش ایئرویز کے فضائی آپریشن کی بحالی کے اعلان کے بعد برطانوی ہائی کمیشن نے اس حوالے سے اعلامیے جاری کیا جس میں بتایا گیا ہے کہ برٹش ایئر ویز کا 15 جون 2019 سے لندن اسلام آباد پروازوں کا آغاز ہوگا جس کے لیے آج سے ٹکٹ بکنگ کا آغاز کردیا گیا ہے۔ 

اعلامیے کے مطابق ہیتھرو سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ریٹرن فلائیٹ کا کرایہ 499 پاؤنڈز ہے جب کہ ورلڈ ٹریولر پلس کے لیے کرایہ 773 پاؤنڈز ہوگا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کلب ورلڈ کلاس کے لیے دو طرفہ کرایہ 1799 پاؤنڈز ہو گا۔

اعلامیے کے مطابق ہیتھرو ایئر پورٹ ٹرمینل 5 اور نیا اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پروازوں کے لیے استعمال ہوگا جب کہ فضائی آپریشن کے لیے بوئنگ 787 ڈریم لائنر کی پروازیں چلائی جائیں گی۔

فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب

نمائندہ برٹش ایئرویز رچرڈ کراؤڈر کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ برطانیہ میں ڈیڑھ ملین لوگوں کی جڑیں پاکستان میں ہیں، پاکستان آرمی اور عوام نے دہشت گردی کے خلاف بہت قربانیاں دی ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ ہم زیادہ سے زیادہ برطانوی تجارت اور سرمایہ کاری پاکستان میں چاہتے ہیں، ایئر پورٹ سے جڑواں شہروں تک ٹرانسپورٹ سسٹم کو بہتر بنایا جائے گا اور ایئر پورٹ تک ٹرانسپورٹ کی ناقص سہولیات کےبارے میں وزیراعظم کو آگاہ کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ برٹش ایئرویز نے 2008 میں اسلام آباد میں میریٹ ہوٹل پر بم دھماکے کے بعد پاکستان کے لیے فضائی آپریشن بند کردیا تھا۔

مزید خبریں :