طوفانی بارشوں، جنگلات میں بڑے پیمانے پر آتشزدگی، سونامی، پہاڑوں سے لاوا نکلنے اور تباہ کن زلزلوں کے علاوہ کھیلوں کی دنیا میں بھی بہت سے دل دہلا دینے والے واقعات پیش آئے۔
29 دسمبر ، 2018
ہر بار کی طرح اس بار بھی سال رفتہ جاتے جاتے بہت سی یادیں اپنے پیچھے چھوڑے جا رہا ہے۔
2018 میں فٹبال اور ہاکی ورلڈ کپ کے علاوہ ونٹر اولمپکس، کامن ویلتھ گیمز، کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے بڑے بین الاقوامی مقابلے منعقد ہوئے۔
طوفانی بارشوں، جنگلات میں بڑے پیمانے پر آتشزدگی، سونامی، پہاڑوں سے لاوا نکلنے اور تباہ کن زلزلوں کے علاوہ کھیلوں کی دنیا میں بھی بہت سے دل دہلا دینے والے واقعات وقوع پزیر ہوئے۔
سال رفتہ میں کھیلوں کی دنیا میں پیش آنے والے چند بڑے سانحات درج ذیل ہیں۔
1۔ افغانستان میں کرکٹ میچ کے دوران دھماکا
19 مئی 2018 کو افغانستان کے شہر جلال آباد کے اسٹیڈیم میں کرکٹ میچ کے دوران گراؤنڈ یکے بعد دیگرے متعدد دھماکوں سے لرز اٹھا۔
دھماکے اس وقت ہوئے جب مقامی ٹیموں کے درمیان رمضان ٹورنامنٹ کا کرکٹ میچ جاری تھا اور دھماکوں کے وقت اسٹیڈیم میں شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
افغان حکام کے مطابق دھماکوں میں 8 افراد ہلاک اور 45 زخمی ہوئے، ہلاک ہونے والوں میں میچ منتظم اور مہترلام شہر کے نائب میئر بھی شامل تھے۔
2۔ سعودی فٹبال ٹیم کے طیارے میں آتشزدگی
فٹبال ورلڈ کپ کھیلنے والی سعودی عرب کی ٹیم 19 جون 2018 کو یوروگوئے کے خلاف دوسرے میچ کے لیے روس کے شہر سینٹ پیٹرز برگ سے روستوف جا رہی تھی کہ دوران پرواز جہاز کے ایک انجن میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔
خوش قسمتی سے اس حادثے میں تمام کھلاڑی محفوظ رہے اور طیارے کو ہنگامی طور پر روستوف کے ڈون ایئرپورٹ پر لینڈ کرا دیا گیا۔
3۔ تھائی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں کا غار میں پھسنا
23 جون 2018 کو تھائی لینڈ میں جونیئر فٹبال ٹیم کے کھلاڑی اور ان کا کوچ بارش کے باعث ایک غار میں پھنس گئے۔
بچوں کو بچانے کے لیے دنیا بھر سے ریسکیو ٹیمیں تھائی لینڈ پہنچیں اور 18 دن کی انتھک محنت کے بعد 10 جولائی کو بالآخر بچوں کو زندہ سلامت غار سے باہر نکال لیا گیا۔
یہ واقعہ ریسکیو آپریشن کی تاریخ کا ناقابل فراموش آپریشن بن گیا۔
4۔ ہیلی کاپٹر حادثے میں برطانوی فٹبال کلب کے منیجر کی ہلاکت
29 اکتوبر 2018 کو برطانیہ کے شہر لیسسٹر میں کنگ پاور اسٹیڈیم کے باہر ہیلی کاپٹر حادثے میں مشہور فٹبال کلب لیسسٹر سٹی کے مالک وچائی سریودھاناپ رابھا سمیت تمام 5 افراد ہلاک ہو گئے۔
ہیلی کاپٹر میں ہلاک ہونے والوں میں فٹبال کلب کے منیجر کے علاوہ ان کی دوست، پائلٹ اور اسٹاف کے دو ارکان شامل تھے۔
ہیلی کاپٹر کنگ پاور اسٹیڈیم سے اڑان بھرنے کے چند لمحوں بعد ہی بے قابو ہوگیا اور کلب کی اسٹاف کار پارکنگ میں گر کر تباہ ہو گیا۔
5۔ برازیلن فٹبال کلب کے کھلاڑیوں سمیت 76 افراد کی ہلاکت
کولمبیا کے شہر میڈیلن میں 29 نومبر کو ایک چارٹرڈ طیارے کے حادثے میں برازیل کے فٹبال کلب کے تمام کھلاڑیوں سمیت 76 افراد ہلاک ہو گئے۔
اس حادثے میں فٹبال کلب کے کھلاڑیوں سمیت 21 صحافی بھی شامل تھے، جہاز حادثے میں 5 افراد معجزانہ طور پر بچ گئے۔
جنوبی امریکا کی فٹبال گورننگ باڈی نے فضائی حادثے میں جان کی بازی ہارنے والی برازیلین کلب کی آنجہانی فٹبال ٹیم کو ٹورنامنٹ کا فاتح قرار دے کر ٹرافی دے دی۔