Time 19 جون ، 2018
کھیل

سعودی فٹبال ٹیم کے طیارے میں دوران پرواز آتشزدگی، کھلاڑی محفوظ رہے

فوٹو: فائل

ماسکو: فٹبال ورلڈ کپ کھیلنے والی سعودی عرب کی ٹیم کی دوسرے میچ کے لیے ایک شہر سے دوسرے شہر روانگی کے دوران طیارے کے انجن میں آگ بھڑک اٹھی تاہم کھلاڑی محفوظ رہے۔ 

سعودی نیشنل فٹبال ٹیم کو کل ایونٹ کا دوسرا میچ یوروگوئے کے خلاف کھیلنا ہے جس کے لیے ٹیم ایئربس اے 319 کے ذریعے سینٹ پیٹربرگ سے روستوف جارہی تھی کہ دوران پرواز جہاز کے ایک انجن میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے بعد طیارے کو ہنگامی طور پر روستوف کے ڈون ایئرپورٹ پر لینڈ کرادیا گیا۔

دوسری جانب روسیا ایئر لائن کے ترجمان نے جہاز کے انجن میں آگ لگنے کی خبروں کی تردید کی اور کہا کہ جہاز کے ساتھ پرندہ ٹکرانے کے باعث ایک انجن میں خرابی واقع ہوئی۔

ترجمان نے کہا کہ طیارے کی معمول کے مطابق لینڈنگ ہوئی جس کے دوران ہنگامی وارننگ جاری نہیں کی گئی اور مسافروں کو بحفاظت ایئرپورٹ پر اتارا گیا۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر اس طیارے کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں سعودی فٹبال ٹیم کے کھلاڑی سوار تھے اور اس کے ایک پر میں آگ دیکھی جاسکتی ہے۔ 

یہی ویڈیو سول ایوی ایشن مانیٹرنگ ویب سائٹ ایئرلائیو ڈاٹ نیٹ پر بھی جاری کی گئی جس کا کہنا ہے کہ روسٹو ایئرپورٹ پہنچنے سے پہلے ہی طیارے کے پر میں آگ لگ چکی تھی۔

ادھر سعودی فٹبال فیڈریشن کی جانب سے کھلاڑیوں کی تصاویر جاری کی گئیں جس میں انہیں پرسکون انداز میں ایئرپورٹ سے ہوٹل جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ 

سعودی فیڈریشن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ طیارے کے انجن میں آگ لگ گئی تھی تاہم تمام کھلاڑی محفوظ ہیں جو اپنے مقام تک بحفاظت پہنچ چکے ہیں۔ 

مزید خبریں :