Time 29 اکتوبر ، 2018
دنیا

برطانیہ: لیسسٹر سٹی فٹبال کلب کے مالک سمیت 5 افراد ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک

فٹبال کلب لیسسٹر سٹی کے مالک وچائی سریودھاناپ رابھا—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی

لندن: برطانوی شہر لیسسٹر میں کنگ پاور اسٹیڈیم کے باہر ہیلی کاپٹر گرنے سے مشہور فٹبال کلب لیسسٹر سٹی کے مالک وچائی سریودھاناپ رابھا سمیت تمام 5 افراد ہلاک ہوگئے۔

فٹبال کلب کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں فٹبال کلب کے مالک وچائی سریودھاناپ رابھا سمیت 5 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی۔

رپورٹس کے مطابق وچائی سریودھاناپ رابھا کے علاوہ ہیلی کاپٹر میں ہلاک ہونے والوں میں 53 سالہ پائلٹ ایرک سوافر، ان کی 46 سالہ دوست روزا لیچووکس اور وچائی سریودھاناپ رابھا کے اسٹاف کے 2 ارکان نُرسارا سُکنامائی اور کاویپورن پُن پرے شامل ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق ہیلی کاپٹر کنگ پاور اسٹیڈیم سے اڑان بھرنے کے چند لمحوں بعد ہی بے قابو ہوگیا اور کلب کی اسٹاف کار پارکنگ میں گر کر تباہ ہوگیا۔

 وچائی سریودھاناپ رابھا کا تباہ ہونے والا طیارہ—۔فائل فوٹو: بشکریہ مائیک ایگرٹون/ پی اے 

فٹبال کلب نے اپنے اعلامیے میں لکھا، 'دنیا ایک عظیم شخص سے محروم ہوگئی۔ ایک ایسا شخص جو نہایت مہربان اور سخی تھا اور جس کی پوری زندگی اپنے خاندان کے لیے محبت اور اُن لوگوں کے لیے وقف تھی، جن کو اُس نے کامیابی سے ہمکنار کروایا۔'


وچائی سریودھاناپ رابھا کی ہلاکت کے بعد لیسسٹر فٹبال کلب کی سینئر اور جونیئر ٹیموں کے تمام میچز منسوخ کر دیئے گئے۔

دوسری جانب ایئر انویسٹی گیشن برانچ نے ہیلی کاپٹر حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

حادثے کے بعد ایک خاتون مرنے والوں کی یاد میں نم آنکھوں کے ساتھ گدستہ رکھتے ہوئے—۔فوٹو/ رائٹرز


مزید خبریں :