پاکستان
Time 10 جنوری ، 2019

ن لیگ کے ترقیاتی کاموں پر اختلاف کرنے والے آج تعریف کررہے ہیں: نوازشریف

جیل کے کمرے ٹھنڈے ہوتے ہیں، ہیٹر دیا گیا ہے وہ بھی اپنے مطابق چلتا ہے: سابق وزیراعظم_ فائل فوٹو

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہےکہ پنجاب کی اہل حکومت کی جگہ نااہل حکومت نے لے لی اور مسلم لیگ (ن) کے ترقیاتی کاموں پر اختلاف کرنے والے آج تعریف کررہے ہیں۔

کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کے لیے آنے والے پارٹی رہنماؤں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے میاں نوازشریف نے کہا کہ شہباز شریف کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھا جارہا ہے، انہوں نے پنجاب میں دن رات کام کیا اور صلہ یہ ملا؟ پنجاب میں میٹرو 11 ماہ میں مکمل ہوئی اور کے پی کے میں اب بھی دھول اڑ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ترقیاتی کاموں پر اختلاف کرنے والے آج تعریف کررہے ہیں، پنجاب کی اہل حکومت کی جگہ نااہل حکومت نے لے لی جب کہ کے پی کے کی نااہل حکومت کو دوبارہ اہل قرار دیا گیا۔

ایک صحافی نے نوازشریف سے سوال کیا کہ آپ چپ کا روزہ کب توڑیں گے؟

سابق وزیراعظم نے جواب دیا کہ کیسے سنے گا میری کہانی میری زبانی۔

نوازشریف سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ یا مریم نواز مارچ سے عوامی رابطہ مہم شروع کریں گے؟ اس پر انہوں نے کہا کہ یہ جیل سے باہر آنے کے بعد بتاؤں گا۔

سابق وزیراعظم نے بتایا کہ جیل کے کمرے ٹھنڈے ہوتے ہیں، ہیٹر دیا گیا ہے وہ بھی اپنے مطابق چلتا ہے۔

اس موقع پر جیل حکام نے کہا کہ جیل میں نواز شریف کو ہیٹر دے کر ہم نے مہربانی کی ہے، اس پر نوازشریف نے کہا کہ دیکھ لیں یہ ہیٹر دے کر میرے پر احسان کررہے ہیں۔

اس دوران وفد میں شامل مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے اپنے قائد سے مکالمہ کیا کہ آپ کی گرفتاری کے بعد عوام کے پیغام آرہے ہیں، اس پر نوازشریف نے مسکراتے ہوئے تبصرہ کیا کہ کتنی دیر تک جیل میں پیغام آئیں گے۔

گفتگو کے دوران ایک وکیل کی آمد ہوئی تو نوازشریف نے انہیں دیکھ کر کہا کہ تاریخوں پر تاریخیں ڈلوانے والے آگئے۔

اس موقع پر خواجہ آصف نے سابق وزیراعظم سے سوال کیا کہ جیل میں بجلی نہیں جاتی؟

نوازشریف نے جواب دیا کہ خواجہ صاحب، پتہ نہیں کس قسم کی بجلی آتی ہے، ہیٹر گرم نہیں ہوتا۔