Time 21 جنوری ، 2019
پاکستان

راؤ انوار سے سانحہ ساہیوال تک جعلی مقابلوں کا خاتمہ ہمارا فرض ہے: شیریں مزاری

ہمیں احتساب اور قانون کی حکمرانی کو مضبوب کرنا چاہیے: شیریں مزاری_ فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے سانحہ ساہیوال پر ٹوئٹر کے ذریعے اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں شیریں مزاری نے کہا کہ راؤ انوار سے سانحہ ساہیوال تک بطور حکومت ہمارا فرض ہے کہ جعلی مقابلوں کا خاتمہ کیا جائے۔


انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے مقابلے میں لوگوں کو مارے جانے کی حوصلہ افزائی کی، اس کو روکنا چاہیے۔

وفاقی وزیر انسانی حقوق کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں احتساب اور قانون کی حکمرانی کو مضبوط کرنا چاہیے۔

سانحہ ساہیوال کا پسِ منظر

یاد رہے کہ 19 جنوری کی سہہ پہر سی ٹی ڈی نے ساہیوال کے قریب جی ٹی روڈ پر ایک گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں میاں بیوی اور ان کی ایک بیٹی سمیت 4 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ کارروائی میں تین بچے بھی زخمی ہوئے۔

واقعے کے بعد سی ٹی ڈی کی جانب سے متضاد بیانات دیے گئے، واقعے کو پہلے بچوں کی بازیابی سے تعبیر کیا بعدازاں ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد مارے جانے والوں میں سے ایک کو دہشت گرد قرار دیا گیا ہے۔

تاہم میڈیا پر معاملہ آنے کے بعد وزیراعظم نے واقعے کا نوٹس لیا اور سی ٹی ڈی اہلکاروں کو حراست میں لے کر تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دی گئی۔

مزید خبریں :