Time 30 جنوری ، 2019
پاکستان

برمنگھم میں زیرعلاج پاکستانی نصراللہ کی اہلخانہ سے 9 برس بعد ملاقات

 نصر اللہ سے ان کے گھر والوں کی 9 برس بعد کوئن ایلزبتھ اسپتال میں ملاقات ہوئی—۔جیو نیوز

لندن: برمنگھم میں زیرعلاج پاکستانی نصر اللہ کی بالآخر 9 برس بعد کوئن ایلزبتھ اسپتال میں اپنے اہلخانہ سے ملاقات ہوگئی۔

نصر اللہ کی اہلیہ اور بیٹے لندن آمد کے موقع پر—۔جیو نیوز اسکرین گریب

نصراللہ خان دل کے سنگین عارضے میں مبتلا اور زندگی کے آخری ایام گزار رہے ہیں، جنہوں نے اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمیشن اور پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور سے اہل خانہ کے ویزے کی درخواست منظور کرنے کی اپیل کی تھی۔

جسے پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن نے منظور کرتے ہوئے نصراللہ کی اہلیہ ثنا بٹ اور دو بیٹوں محمد عبداللہ اور محمد سیف اللہ کو  6 ماہ کا وزٹ ویزہ فراہم کیا۔

گذشتہ روز  کوئن ایلزبتھ اسپتال میں نصراللہ کی اپنے اہلخانہ سے ملاقات ہوئی، اس موقع پر انتہائی جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔

نصراللہ کی اہلخانہ سے ملاقات کے موقع پر انتہائی جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے—۔جیو نیوز 

جیو نیوز سے گفتگو میں نصراللہ نے پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 'ان کے اہلخانہ کی برطانیہ آمد کے سلسلے میں تمام سفری انتظامات پاک فوج کی جانب سے کیے گئے اور آرمی چیف کا دفتر ان کے اہلخانہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہا۔'

نصراللہ نے بتایا کہ وہ برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو کے بھی شکرگزار ہیں، جنہوں نے ان کے اہلخانہ کے ویزوں کے اجرا میں ذاتی دلچسپی لی۔

ان کا کہنا تھا، 'اپنے خاندان سے 9 سال بعد ملنا میرے لیے ایک خوب کے پورے ہونا جیسا ہے، مجھے گذشتہ ہفتے تک اس بات کی امید بھی نہیں تھی کہ میں اپنے خاندان والوں سے مل پاؤں گا، لیکن معجزے ایسے ہی ہوتے ہیں۔'

دوسری جانب نصر اللہ کی اہلیہ نے بھی ملاقات ممکن بنانے پر برطانوی ہائی کمیشن، پاک فوج اور جیونیوز کا شکریہ ادا کیا۔

مزید خبریں :