کھیل
Time 04 مارچ ، 2019

کراچی کنگز سے شکست کے بعد ملتان پلے آف کی دوڑ سے باہر

شعیب ملک 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ فوٹو: ملتان سلطانز

ابوظہبی: پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) فور کے 24 ویں میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔

ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 119 رنز کا ہدف دیا ہے جو اس نے 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

ابوظہبی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

کراچی کی جانب سے لیونگ اسٹون 53 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے— فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر

ملتان سلطانز کی جانب سے جیمز ونس اور عمر صدیق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن عمر صدیق دوسرے ہی اوور میں عثمان شنواری کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

چارلس بھی چوتھے اوور میں 7 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جب کہ شعیب ملک 26 رنز بنا کر عمر خان کا نشانہ بنے۔

حماد اعظم نے 29 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ گرین نے 18 اور جیمز ونس نے 16 رنز جوڑے۔

مقررہ 20 اوورز میں ملتان سلطانز کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز بنا سکی۔

عثمان شنواری وکٹ حاصل کرنے کے بعد خوشی کا اظہار کر  رہے ہیں۔ فوٹو: کراچی کنگز

کراچی کنگز کی جانب سے عثمان شنواری نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 15 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں کراچی کنگز نے ہدف 19.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ کراچی کی جانب سے لیونگ اسٹون 53 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس شکست کے بعد ملتان سلطانز پلے آف کی دوڑ سے باہر ہوگئے ہیں۔ ایونٹ کے اگلے مرحلے میں ٹاپ فور ٹیمیں جگہ بنائیں گی، کوئٹہ پہلے ہی ٹاپ فور میں پہنچ چکی ہے۔

آج کھیلے گئے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

مزید خبریں :