کھیل
Time 05 مارچ ، 2019

مصباح اور سیمی کی ذمہ دارانہ بیٹنگ، پشاور زلمی نے لاہور کو ہرادیا


ابوظہبی: پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے 25 ویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پشاور زلمی نے 125 رنز کا ہدف 20 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

ابوظہبی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر پہلے لاہور قلندرز کے کپتان فخر زمان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے اننگز کا آغاز ہی مایوس کن رہا اور اوپنر اینٹن ڈیوسِچ 12 کے مجموعی اسکور پر 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ فخر زمان بھی 11 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

 
— فوٹو: پی ایس ایل 

حارث سہیل، ڈیوڈ ویز اور عمیر مسعود نے ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی تاہم قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے۔ 

لاہور کی جانب سے حارث سہیل 43، ڈیوڈ ویز 26 اور عمیر مسعود 22 رنز بناکر نمایاں رہے۔ 

پشاور زلمی کی جانب سے ملز نے 3، ثمین گل نے 2، ڈاؤسن اور وہاب ریاض نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

لاہور قلندرز کے 125 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز کامران اکمل اور امام الحق نے کیا لیکن پہلے ہی اوور میں شاہین آفریدی نے امام الحق کو آؤٹ کیا۔ 

زلمی کو میچ جتوانے کے بعد ٹیم کا مصباح الحق کو سیلوٹ — فوٹو: پی ایس ایل 

دوسرے اوور میں راحت علی نے کامران اکمل کی وکٹ لی جس کے بعد اگلے ہی اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے عمر امین اور ڈاؤسن کو پویلین کی راہ دکھائی۔ 

پشاور کی پانچویں وکٹ پولارڈ کی گری جو کہ 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ 

20 رنز پر آدھی ٹیم آؤٹ ہونے کے بعد مصباح الحق اور ڈیرن سیمی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 100 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تاہم ڈیرین سیمی آخری اوور میں بولڈ ہوئے۔ 

پشاور نے 20 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کیا۔ 

زلمی کی جانب سے مصباح الحق 59 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ ڈیرن سیمی نے 46 رنز بناکر نمایاں رہے۔ 

لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی نے 3، راحت علی اور ڈیوڈ ویز نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

مزید خبریں :