07 اگست ، 2012
اسلام آباد…صدر آصف علی زرداری اورو زیر اعظم راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماوٴں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ منتخب پارلیمنٹ کے علاوہ وجود میں آنے والے طاقت کے نئے مراکز کے خلاف آئین اور قانون کے اندر رہتے ہوئے بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔قانون سازی صرف منتخب نمائندوں کا حق ہے جس سے کسی صورت دست بردار نہیں ہوا جائے گا۔ ایوان صدر اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مخصوص وفاقی وزراء اور مرکزی رہنماوٴں کے اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری نے بھی شرکت کی۔صدارتی ترجمان کے مطابق وزیرقانون و انصاف فاروق ایچ نائیک نے قانونی چیلنجز سے نمٹنے اور مستقبل کی حکمت عملی پر بریفنگ دی ،اجلاس کے شرکاء نے حکومتی حکمت عملی پر اطمینان کا اظہار کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات آئین اور قانون کے مطابق اور اتحادیوں کی مشاورت سے مقررہ وقت پر ہوں گے۔پارٹی قیادت عام انتخابات کی تیاری کرے ،صدر نے پارٹی رہنماوٴں کو ہدایت کی کہ انتخابی فہرستوں میں اہل ووٹروں کے نام کے اندراج کو یقینی بنایا جائے ،صدر نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوامی طاقت پر یقین رکھتی ہے اور اپنی پالیسیوں کی توثیق کیلئے عوام کے پاس دوبارہ جانے سے کبھی نہیں ہچکچائے گی ، شفاف الیکشن کے لیے انتخابی فہرستوں کا غلطیوں سے پاک ہونا ضروری ہے ، موجودہ اسمبلیوں کی مدت ختم ہونے پر عام انتخابات کا انعقاد ایک اور سنگ میل ہو گا اور عام انتخابات کے بروقت انعقاد سے جمہوریت اور سیاسی عمل کو مضبوطی ملے گی ، اجلاس میں وزیر پانی و بجلی احمد مختار نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ دنوں میں ایندھن کے لیے مالی وسائل کی فراہمی اور ڈیموں میں پانی کی سطح بلند ہونے سے پیداوار میں اضافہ ہو گا، اجلاس میں صدر اور وزیراعظم کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار بھی کیا گیا۔