کھیل
Time 09 مارچ ، 2019

پی ایس ایل کی ریکارڈ بک کیسے الٹ پلٹ گئی؟


کراچی میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان ہونے والے میچ میں پاکستان سپر لیگ کی ریکارڈ بک الٹ پلٹ ہو گئی۔

پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آج بہت سے نئے ریکارڈ قائم ہوئے۔

پاکستان سپر لیگ کا سب سے بڑا ٹوٹل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں بنا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے سب سے بڑا ٹوٹل 238 رنز بنایا گیا۔

اس سے قبل لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کی جانب سے دیا گیا 204 رنز کا ہدف عبور کیا تھا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنر کیمرون ڈیلپورٹ نے ٹورنامنٹ کی سب سے تیز ترین سنچری اسکور کی۔

ڈیلپورٹ نے 49 گیندوں پر 6 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے سنچری اسکور کی اور وہ میچ میں 117 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اسلام آباد ہی کے جارح مزاج مڈل آرڈر بلے باز آصف علی کا بلا بھی خوب چلا اور انہوں نے 17 گیندوں پر ففٹی اسکور کر کے کامران اکمل کا تیز ترین ففٹی کا ریکارڈ برابر کیا۔

آصف علی کی ففٹی میں 6 چھکے شامل تھے اور انہوں نے مجموعی طور پر 55 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔

پی ایس ایل کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کے حصے میں آیا اور یونائیٹڈ کے کھلاڑیوں نے 16 بار گیند کو باؤنڈری لائن سے باہر پھینکا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے بھی 11 چھکے لگائے گئے اور اس طرح میچ میں مجموعی طور پر 27 چھکے لگے۔

اس کے علاوہ پورے میچ میں صرف ایک ڈبل رن لیا گیا اور یہ دکی بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑیوں نے بنائی۔

لاہور قلندرز کے کھلاڑیوں کے حصے میں بھی ایک ریکارڈ آیا اور وہ ریکارڈ ہے ایک اننگز میں کسی بولر کی جانب سے سب سے زیادہ رنز دینے کا ریکارڈ۔

شاہین شنواری اب تک ٹورنامنٹ کے سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے اور انہوں نے 4 اوور میں 62 رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی۔

اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے فہیم اشرف کی تباہ کن بولنگ کے باعث لاہور قلندرز کو 49 رنز سے شکست دی۔

فہیم اشرف نے 4 اوورز میں 19 رنز دیکر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جو ان کا پی ایس ایل میں اب تک کا بہترین بولنگ فیگر ہے۔

اس فتح کے ساتھ ہی اسلام آباد یونائیٹڈ کے پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

مزید خبریں :