پاکستان
07 اگست ، 2012

پی آئی اے نے 8 طیارے لیز پر لینے کی منظوری دیدی

پی آئی اے نے 8 طیارے لیز پر لینے کی منظوری دیدی

کراچی…قومی ایئرلائن میں طیاروں کی کمی دور کرنے کیلئے پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 8 طیارے لیز پر لینے کی منظوری دیدی ہے ، ان میں سے چار طیارے آئندہ مہینے تک پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں شامل ہوجائیں گے۔ ایئرلائن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ہنگامی اجلاس آج پی آئی اے کے چیرمین راوٴ قمر سلیمان کی زیر صدارت کراچی میں ہوا ، ایئرلائن ذرائع کے مطابق بورڈ نے ابتدائی طور پر 8 طیارے دو سال کی لیز پر حاصل کرنے کی منظوری دی ہے ۔یہ طیارے ڈرائی لیز پر لئے جائیں گے یعنی ان طیاروں کو پی آئی اے کا عملہ ہی اڑائے گا۔لیز پر حاصل کئے جانے والے طیاروں میں دو بوئنگ 747۔400 ، چار بوئنگ 737۔800 اور دو بوئنگ 777۔ 200 ای آر شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ آئندہ ماہ کے پہلے ہفتہ تک دو بوئنگ 747 اور دو بوئنگ 777 طیارے پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں شامل ہوجائیں گے ، پی آئی اے ان طیاروں کو حج پروازوں کیلئے استعمال کریگی۔ فاضل پرزہ جات کی کمی اور مینٹی ننس کے مسائل کی وجہ سے پی آئی اے کو ان دنوں طیاروں کی شدید کمی کا سامنا ہے۔ پی آئی اے کے 38 میں صرف 23 طیارے ہی پروازوں کے قابل ہیں۔

مزید خبریں :