08 اگست ، 2012
جیکب آباد…اغوا برائے تاوان،بھتہ خوری اور عدم تحفظ سے تنگ آکرجیکب آباد میں آباد ہندو برادری کے درجنوں افراد نے ملک چھوڑ کر مستقل طور پر ہندوستان منتقل ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ جیکب آباد میں عدم تحفظ اور بھتہ خوری سے تنگ 60 خاندان بدھ کی شام 6 بجے جعفرایکسپریس کے ذریعے لاہور روانہ ہوگئے۔جہاں سے براستہ واہگہ بارڈر بھارت میں داخل ہوجائیں گے۔ ملک چھوڑنے کے غم میں اقلیتی برادری کے افراد انتہائی رنجیدہ تھے۔ جیکب آباد میں ہندو پنچایت کے صدربابومہیش لاکھانی کے مطابق ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کو مسلسل عدم تحفظ اور بھتہ خوری کا سامنا ہے۔ جس کے باعث ابتدائی طور پر ان خاندانوں نے ملک چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جبکہ مزید خاندان بھی اس بارے میں سوچ رہے ہیں۔