08 اگست ، 2012
اسلام آباد … نیب میں ترقی کے منتظر جونیئر افسران نے قومی احتساب بیورو میں حالیہ بھرتیوں کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ نیب کے ڈائریکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کا چیئرمین نیب کے خلاف پہلے ہی غیر قانونی بھرتیوں کا کیس ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ نیب کے جونیئر افسران کی جانب سے دائر درخواست میں موٴقف اختیار کیا گیا ہے کہ قواعد کے مطابق انہیں ترقی دینے کی بجائے آسامیاں مشتہر کر کے نئی بھرتیاں کی گئیں جس سے ان کی ترقی متاثر ہوئی، لہٰذا عدالت نیب میں کی گئی حالیہ بھرتیوں کو غیر قانونی قرار دیکر ان کی ترقی کیلئے سلیکشن بورڈ تشکیل دینے کے احکامات جاری کرے۔ نیب کے 14 ڈائریکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کی ایک درخواست پہلے ہی زیر سماعت ہے جس میں چیئرمین نیب اور ڈائریکٹر جنرل ہیومن ریسورس نیب کو فریق بناتے ہوئے موٴقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب میں اعلیٰ عہدوں پر میرٹ اور قواعد کے برعکس من پسند افراد کو بھرتی کیا جا رہا ہے۔ عدالت نے اس درخواست پر نیب کو مزید نئی بھرتیوں سے روک رکھا ہے اور اب آئندہ سماعت تمام درخواستوں کو یکجا کر کے کی جائے گی۔