08 اگست ، 2012
پشاور…تحریک انصاف خیبر پختون خوا کے ترجمان شاہ فرمان نے اے این پی کی انرجی کانفرنس کو عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف قرار دیا ہے۔ تحریک انصاف کے صوبائی ترجمان شاہ فرمان نے انرجی کانفرنس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوڈ شیڈنگ پر کل جماعتی کانفرنس بلوانے میں ناکامی کے بعد اے این پی نے اپنی ساکھ بچانے کے لیے انرجی کانفرنس منعقد کرنے کااعلان کیا ہے۔ تاہم اس کا مقصد صرف اور صرف عوام کو دھوکہ دینا ہے۔ شاہ فرمان نے مزید کہا کہ جب اے این پی حکومت سنبھال رہی تھی تو اسے اچھی طرح پتہ تھا کہ ہائیڈل پاور بجلی 65روپے فی یونٹ بنتی ہے اورہمارا صوبہ 33ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کر سکتا ہے تاہم اس کے لیے مزید ڈیموں کی ضرورت ہے۔ جس کا ثبوت شیڈو کی رپورٹس ہیں۔