Time 28 اپریل ، 2019
کھیل

خواتین کرکٹرز بھی فٹنس کیلئے سخت ڈائٹ پلان پر عمل کرنے لگیں

پاکستان کرکٹ بورڈ نے خواتین کرکٹرز کے لیے برطانوی نژاد پاکستانی ٹرینر کی تقرری کی ہوئی ہے — فوٹو:فائل/ پی سی بی

پاکستانی مرد کرکٹرز کی فٹنس کا میڈیا پر بار بار تذکرہ آتا ہے لیکن اب خواتین کرکٹرز بھی اپنی فٹنس کا خاص خیال رکھ کر اپنے آپ کو سپر فٹ بنانے میں مصروف ہیں۔

پاکستان کی مختلف ٹیموں کے ساتھ کام کرنے والے غیر ملکی و ملکی کوچز اور ٹرینرز اب اس بات کا خاص خیال رکھ رہے ہیں کہ کرکٹرز بریانی، نہاری اور کڑھائی جیسے مرغن کھانوں سے پر ہیز کریں اور اپنی ڈائٹ کا خیال رکھیں۔

پاکستانی خواتین ٹیم کی کپتان بسمعہ معروف نے نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران بار بار ڈائٹ اور مرغن کھانوں کا ذکر کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ کیمپ میں ڈائٹ کا خاض خیال رکھتے ہیں، ٹیم کی فٹنس پر ابھی کام کر رہے ہیں جو بتدریج بہتر ہوتی چلی جائے گی، بریانی سے بھی پرہیز کر رہے ہیں، کھانے کےحوالے سے ڈائٹ پروگرام موجود ہے جس پر عمل بھی کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ پی سی بی نے خواتین کرکٹرز کے لیے برطانوی نژاد پاکستانی ٹرینر کی تقرری کی ہوئی ہے۔

کپتان بسمعہ معروف نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈیلی الاؤنس بڑھا کر اچھا فیصلہ کیا ہے جس سےخواتین ٹیم کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ دس سال میں پہلی بار پاکستانی ویمن ٹیم کے ڈیلی الاؤنس میں فی کس 35 ڈالرز کا اضافہ کیا گیا ہے۔

پاکستانی ویمن ٹیم کی کپتان بسمعہ معروف نے کراچی میں پریس کانفرنس کی — فوٹو: پی سی بی 

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا کے دورے پر بھرپور تیاری کے ساتھ جا رہے ہیں اور فتح کے لیے میدان میں اتریں گے، ٹیم کمبی نیشن بہت اچھا ہے، عالیہ ریاض، ندا ڈار اور ارم جاوید پاور ہٹنگ کرسکتی ہیں۔

بسمہ 100 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرنے والی دوسری پاکستانی اور دنیا کی چھٹی کرکٹر بننے والی ہیں۔

خواتین ٹیم کی کپتان کے مطابق پاکستان کی ٹیم متوازن ہے اور سیریز میں زیادہ سے زیادہ آئی سی سی چیمپیئن شپ پوائنٹ حاصل کرنے کی کوشش کریں گی، اقبال امام کے بیٹنگ کوچ آنے سے لڑکیوں کو اپنی تیکنیک بہتر کرنے میں مدد ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقا سے ایک پوائنٹس کا فرق ہے، جیت کر رینکنگ بہتر کرنے کی کوشش کریں گے، میزبان ٹیم کا پیس اٹیک تگڑا ہے، جس کو بہتر انداز سے کھیلنا ہوگا۔

یاد رہے کہ چھ سے 23 مئی تک ہونے والی سیریز میں پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 3 ون ڈے اور 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے جائیں گے۔

مزید خبریں :