کراچی میں آج رواں سال کا گرم ترین دن ریکارڈ، پارہ 42 ڈگری کو چھو گیا


کراچی میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے اور ہیٹ ویو کے باعث شہر میں آج سال کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے شدید گرمی کے باعث یکم سے 4 مئی تک ہیٹ ویو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

ہیٹ ویو کے باعث شہر میں شدید گرمی کا راج ہے اور سمندری ہوائیں بند ہیں۔

شہر میں بدھ کے روز بھی صبح سے موسم میں گرمی کی شدت محسوس کی جانے لگی اور دن 12 بجے درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ پہنچ گیا جب کہ شہر میں سمندری ہوائیں رکنے سے مزید تپش محسوس ہونے لگی۔

شہر میں گرمی کی لہر میں مزید اضافہ ہوا اور پارہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج سال کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا اور 42 ڈگری سینٹی گریڈ میں ہوا میں نمی کا تناسب 20 فیصد رہا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور گرم رہے گا۔

دوسری جانب ہیٹ ویو کے باعث شہر میں 115 مقامات پر ہیٹ اسٹروک سینٹر بھی قائم کردیے گئے ہیں اور ہیٹ ویو سے بچنے کے لیے ماہرین کی جانب سے احتیاطی تدابیر بھی جاری کی گئی ہیں۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں اور اگر نکلنا پڑے تو چھتری کا استعمال کریں، سر ڈھانپ کر نکلیں اور پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔

مزید خبریں :