سعدیہ امام کے راحت فتح علی کیلئے گانا لکھنے کے دعوے کی تردید

فائل فوٹو

نامور گلوکار راحت فتح علی خان کے بزنس ڈائریکٹر نے اداکارہ سعدیہ امام کے اس دعوے کی تردید کردی جس میں انہوں نے گلوکار کا گانا لکھنے کا انکشاف کیا تھا۔

اداکارہ سعدیہ امام نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ گلوکار راحت فتح علی خان کے مشہور بالی وڈ گانے ’جیا دھڑک دھڑک‘ اور ’زندگی یہ سفر میں ہے‘ کے لیریکس انہوں نے خود تحریر کیے تھے۔

اداکارہ سے انٹرویو کے دوران سوال کیا گیا کہ اس سے متعلق آپ نے پہلے کبھی کیوں ذکر نہیں کیا جس پر سعدیہ امام نے جواب دیا کے مجھے کریڈٹ کی ضرورت نہیں، راحت میرے بہت اچھے دوست ہیں، یہ ان کا اخلاقی فریضہ تھا کہ وہ خود سے میرا نام لیتے۔

دوسری جانب راحت فتح علی خان کے برنس ڈائریکٹر سلمان احمد نے سعدیہ امام کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ واقعی یہ بری بات ہے کہ جب پوری دنیا گلوکار کی ڈاکٹریٹ ڈگری پر جشن منا رہی ہے لیکن سعدیہ امام ایک عرصے بعد ان کے گانے تحریر کرنے کا کہتی ہیں۔


سلمان احمد نے کہا کہ اگر وہ اب بھی یہی دعوے کرتی ہیں کہ راحت فتح علی خان کے مقبول گانوں کے پیچھے ان کا دماغ تھا اور انہوں نے تحریر کیے ہیں تو بھر انہیں خوش آمدید کہا جاتا ہے کہ ثبوت عیاں کریں جو ان کی بات کو ثابت کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر انٹرنیٹ پر سرچ کیا جائے تو ’جیا دھڑک دھڑک جائے‘ کے لیریکس سعید قادری نے لکھے تھے جسے روحیل حیات اور فیصل رفیع نے کمپوز کیا تھا جب کہ دوسرا گانا سچن گپتا کا تحریر کردہ ہے۔


ادھر فیصل رفیع نے بھی سعدیہ امام کا گانے تحریر کرنے کے دعویٰ مسترد کردیا ہے۔

فیصل رفیع کا کہنا ہےکہ ’یہ بے بنیاد دعویٰ ہے، مکمل گانا میری موجودگی میں تیار کیا گیا تھا، روحیل کے گھر جاتے وقت راحت نے ٹیکسی میں اس کی دُھن گنگنائی اور پھر وہاں جا کر بالی وڈ کے لیے اس مقبول گانے کا میوزک تیار کیا‘۔


فی الحال راحت فتح علی خان کی جانب گانے تحریر کرنے کے دعوے کی تردید کرنے پر سعدیہ امام نے کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔

مزید خبریں :