دنیا
Time 05 ستمبر ، 2019

کابل: افغان خفیہ ادارے کے دفتر کے باہر خودکش کار بم دھماکا، 10 افراد ہلاک

فائل فوٹو

کابل: افغان دارالحکومت میں ہونے والے خودکش کار بم دھماکے میں 10 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔

افغان خبر رساں ادارے کے مطابق دارالحکومت کابل میں جمعرات کے روز صبح 10 بجے کے قریب افغان خفیہ ادارے نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی (این ڈی ایس) کے دفتر کے قریب چیک پوائنٹ پر کارسوار خودکش بمبار نے دھماکا کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 10 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں جب کہ 40 سے زائد زخمی ہیں تاہم افغان حکام کی جانب سے اس حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

افغان میڈیا کا کہناہےکہ طالبان نے خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہےکہ ان کا ہدف این ڈی ایس کے دفتر میں داخل ہونے والا غیر ملکی فورسز کا قافلہ تھا۔

واضح رہےکہ تین ستمبر کو بھی افغان دارالحکومت کابل میں ایک کار سوار خودکش بمبار نے دھماکا کیا تھا جس کے نتیجے میں 15 سے زائد افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے جب کہ اس حملے کی ذمہ داری بھی طالبان نے قبول کی تھی۔

کابل میں یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب امریکا اورطالبان کے درمیان معاہدہ طے پاچکا ہے جس کے نتیجے میں امریکا افغانستان کے پانچ فوجی اڈوں سے پانچ ہزار فوجیوں کا انخلا کرے گا۔

مزید خبریں :