Time 04 مئی ، 2024
دنیا

یمنی حوثیوں کا اسرائیل کی طرف جانے والے تمام جہازوں کو نشانہ بنانےکا اعلان

ہر وہ جہاز جو اسرائیل کی طرف جائیگا اگر ہماری رسائی میں ہوا تو ہم اسے نشانہ بنائیں گے: حوثی ترجمان/فائل فوٹو
ہر وہ جہاز جو اسرائیل کی طرف جائیگا اگر ہماری رسائی میں ہوا تو ہم اسے نشانہ بنائیں گے: حوثی ترجمان/فائل فوٹو

یمنی حوثیوں کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی طرف جانے والا جو بھی جہاز ہماری رسائی میں آئےگا اسے نشانہ بنائیں گے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ ساری کا کہنا ہے کہ بحر  روم سے گزرنے والا ہر وہ جہاز جو اسرائیل کی طرف جائیگا،  اگر وہ ہماری رسائی میں ہوا تو ہم اسے نشانہ بنائیں گے۔

حوثی ترجمان یحییٰ ساری نے کہا کہ  یہ فیصلہ اسرائیل کے  رفح پر حملہ کرنے کی وجہ سے کیا گیا۔ 

یاد رہے یمن کے حوثی غزہ پر اسرائیلی حملہ ہونے کے بعد پہلے بھی اپنی حدود سے گزرنے والے بحری جہازوں پر حملے کرتے رہے ہیں اور  بہت سے جہازوں کو عملے سمیت قبضے میں بھی لیا گیا۔ 

اسی سال مارچ میں یمن کے حوثیوں نے خلیج عدن میں کمرشل جہاز پر میزائل حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 2 سویلین میرین ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے تھے جب کہ سال 2024 کے پہلے ماہ میں بھی حوثیوں نے بحیرہ احمر میں  امریکی بحری جہاز کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا تھا جس کی امریکی فوج  تصدیق کی تھی۔

یمن کے حوثیوں نے چند ماہ قبل بھی  یمنی صوبے صعدہ کی فضائی حدود میں امریکی ڈرون طیارے کو  مار گرانے کا دعویٰ کی تھا۔

یاد رہے یمن کے حوثیوں نے غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کے رد عمل کے طور پر صہیونی فورسز کے خلاف اعلان جنگ کر رکھا ہے اور حوثی اب تک اسرائیل پر 6 بلیسٹک میزائل داغ چکے ہیں۔

حوثی اپنے حملوں کو ہمیشہ فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا نام دیتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اگر اسرائیل غزہ پر حملے روک دے تو بین الاقوامی جہازوں سمیت امریکا اور برطانیہ یا اسرائیل کے جہازوں کو نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔

مزید خبریں :