پاکستان
Time 19 ستمبر ، 2019

حکومت سب کو گرفتار کر کے اپنا شوق پورا کر لے: آصف زرداری

فوٹو: فائل

سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت سب کو گرفتار کر کے اپنا شوق پورا کر لے۔

احتساب عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت مراد علی شاہ سمیت جس کو گرفتار کرنا چاہتی ہے کر لے۔

آصف زرداری نے کہا کہ حکومت سب کو گرفتار کر کے اپنا شوق پورا کر لے، ہمیں پروڈکشن آرڈرز کی بھی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

مولانا فضل الرحمان کے دھرنے میں شرکت سے متعلق سوال پر پیپلز پارٹی کے صدر نے کہا کہ میں تو جیل میں ہوں، دھرنے میں شرکت کا فیصلہ بلاول بھٹو کریں گے۔

راولپنڈی کے موسم سے متعلق سوال پر سابق صدر نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ آج کل بارشیں ہو رہی ہیں اور پنڈی کا موسم بدل رہا ہے۔

ضمانت سے متعلق سوال پر آصف زرداری نے کہا کہ ضمانت کا کوئی فائدہ نہیں، ہم سکون سے بیٹھے ہیں، انکو اپنا شوق پورا کرنے دیں۔

خیال رہے کہ میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور نیب کی حراست میں ہیں۔

مزید خبریں :