Time 21 نومبر ، 2019
پاکستان

کنویں سے زندہ نکالی جانیوالی بچی اسپتال میں ڈاکٹر نہ ہونے کے باعث انتقال کرگئی

مانسہرہ  میں 80 فٹ گہرے کنویں سے زندہ نکالی جانے والی 2 سالہ بچی بروقت طبی امداد نہ ملنے سے جاں بحق ہوگئی۔

پولیس کے مطابق مانسہرہ  کے علاقے دربند میں دوسالہ  بچی جنت بی بی 4 روز قبل لاپتہ ہوئی تھی جسے  جمعرات کو  کنوئیں سے زندہ نکال لیاگیا تھا تاہم  مقامی اسپتال میں ڈاکٹر نہ ہونے کی وجہ سے ڈسپنسرز اسے نہ بچا سکے۔

پولیس کے کہنا ہے کہ  2 سال کی جنت بی بی کو نامعلوم شخص کنویں میں پھینک کرفرارہوگیا تھا۔ راہ گیر نے بچی کے رونے کی آواز سنی تو اطلاع دی جس پر بچی کو بحفاظت نکال کر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

 ڈاکٹرز کا کہنا ہےکہ بچی کو اسپتال لانے سے 6 گھنٹے پہلے کنوئیں میں چھوڑا گیا، شدید سردی لگنے کی وجہ سے بچی کو سانس کی تکلیف تھی۔

دوسری جانب بچی کے ورثاء کا کہنا ہے کہ  دربند اسپتال والوں نے ہمیں پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل اسپتال اوگی بھجوادیا، اوگی والوں نے انکار کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال مانسہرہ بھجوایا مگر ہر شخص کہتا ہے کہ یہ ہمارا کیس نہیں ہے۔

ورثاء کے اصرار پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال مانسہرہ کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر فیصل نے جیو نیوز کو بتایا کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے سخت احکامات کے باوجود ہم نے انسانی ہمدردی کے تحت بچی کے پوسٹ مارٹم کے لیے لیڈی ڈاکٹر کو طلب کر لیا ہے۔

مزید خبریں :