دنیا
Time 06 دسمبر ، 2019

امریکا میں اوبر کو 2 سال میں جنسی زیادتی کی 6 ہزار شکایتیں موصول ہوئیں

فوٹو: فائل

سفر کی آن لائن سہولت فراہم کرنے والی امریکی کمپنی اوبر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 2 سال میں انہیں صرف امریکا میں جنسی زیادتی کے 6 ہزار واقعات کی شکایتیں موصول ہوئیں۔

حفاظتی کارکردگی کا جائزہ پیش کرنے والی کپمنی کی جانب سے شائع کی جانے والی پہلی رپورٹ کے مطابق 2017 اور 2018 کے دوران امریکا میں لی گئی 2 ارب 30 کروڑ سواریوں میں جنسی زیادتی کے 5 ہزار 981 واقعات پیش آئے جو ڈرائیور اور مسافر دونوں کی جانب سے تھے۔

رپورٹ کے مطابق  ان میں سے 3 ہزار سے زائد واقعات 2018 میں پیش آئے جب کہ 2017 میں 2 ہزار 936 واقعات رپورٹ کیے گئے۔

حفاظتی کارکردگی کا جائزہ پیش کرنے والی کپمنی کی شائع کی جانے والی رپورٹ کے مطابق  سال 2018 میں ایک ارب 30 سواریاں لی گئیں، سال 2017 میں کل سواریوں کی تعداد 1 ارب تھی۔

دنیا بھر میں اوبر کو اپنی سیفٹی پالیسی کی وجہ سے تنقید کا سامنا ہے اور حال ہی میں کمپنی کو لندن میں اپنے لائسنس سے بھی ہاتھ دھونا پڑا تھا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اپنی حفاظتی پالیسی میں شفافیت اور کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ہر 2 سال بعد یہ رپورٹ جاری کرے گی۔

مزید خبریں :