Time 14 دسمبر ، 2019
پاکستان

آصف زرداری سندھ حکومت کے سرکاری طیارے سے کراچی پہنچے

فوٹو: فائل

کراچی: بدعنوانی کے مقدمات میں ضمانت پر رہائی کے بعد سابق صدر  آصف علی زرداری بغیر استحقاق سندھ حکومت کے سرکاری طیارے میں اسلام آباد سے کراچی پہنچے۔

سابق صدر پاکستان آصف زرداری کو لانے والے طیارے لیزر  جیٹ 45 نے اسلام آباد ائیرپورٹ سے شام 7 بج کر 25 منٹ پر ٹیک آف کیا، یہ خصوصی فلائٹ کراچی ائیرپورٹ کے ٹرمنل ون پر رات 9 بج کر 9 منٹ پر لینڈ ہوئی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے ہمراہ سفر کیا۔

 ذرائع کا بتانا ہے کہ سندھ حکومت کا یہ طیارہ وزیراعلیٰ سندھ کو خصوصی سرکاری سفر کے لیے دیا گیا ہے تاہم اپنے سیاسی قائد کو لینے کے لیے وہ یہ طیارہ لے کر اسلام آباد پہنچے۔

 وزیر اعلی سندھ نے اپنے اسلام آباد کے سفر کا کوئی اور سرکاری جواز بھی ظاہر نہیں کیا، مراد علی شاہ خود آصف علی زرداری کو لےکر ائیرپورٹ پہنچے۔

 سندھ حکومت کے طیارے ایل جے 45 نے غیر معمولی رفتار سے کراچی کا سفر کیا اور حیرت انگیز طور پر طیارے کا کوئی فلائٹ کوڈ نہیں تھا، فلائٹ اسٹیٹس میں پرواز کے اُڑنے کا مقام اور منزل بھی ظاہر نہیں تھی۔

 40 ہزار فٹ سے زائد کی بلندی پر سفر کرتے ہوئے لیزر جیٹ 45 اسلام آباد ائیرپورٹ سے اڑان کے بعد ایک گھنٹہ 45 منٹ میں کراچی پہنچا۔

سندھ حکومت کا مؤقف

سندھ حکومت کے ترجمان رشید چنا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری سندھ میں حکمران پارٹی کے سربراہ اور سندھ سے رکن قومی اسمبلی ہیں، وہ اب گرفتار نہیں بلکہ ضمانت پر ہیں۔

 ان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اس طیارے میں سفر کر رہے تھے، ان کے بیشتر دوروں میں کئی کئی سرکاری عہدیدار ان کے ہم سفر ہوتے ہیں، ایسے میں اگر سابق صدر اور ایم این اے آصف علی زرداری نے وزیراعلی سندھ کے طیارے میں سفر کر لیا تو کوئی غیر قانونی نہیں ہے۔

آصف علی زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت

واضح رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے طبی بنیادوں پر پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری کی ضمانت منظور کی تھی۔

عدالت نے آصف زرداری کی جانب سے ایک ایک کروڑ روپے کے دو مچلکے جمع  ہونے کے بعد سابق صدر کو ضمانت پر رہا کر دیا تھا۔

مزید خبریں :