01 جنوری ، 2020
بٹگرام کی مقامی عدالت نے طالب علم سے جنسی زیادتی اور بلیک میلنگ کا الزام ثابت ہونے پر 2 مجرموں کو 24،24سال قید کی سزا سنادی، بدنامی کے خوف سے طالب علم نے خودکشی کرلی تھی۔
خیبر پختونخوا کے ضلع بٹگرام میں ایڈیشنل سیشن جج نے نو عمر یتیم لڑکے سے زیادتی اور اس کی ویڈیو بنا کر بلیک میلنگ کرنے کا الزام ثابت ہونے پر 2 ملزمان کو 24،24 سال کی قید کی سزاسنائی۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں ملزمان پر 14،14 لاکھ روپے جرمانے کے علاوہ ورثاء کو دیت کی رقم دینے کا بھی حکم سنایا ہے۔
واضح رہے کہ بٹگرام کے علاقے شانگلی بالا میں ملزمان عامر اور انس نے اسکول کے طالب علم محمد عدنان کو گذشتہ سال مارچ میں جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد تصاویر اور ویڈیو بھی بنائی تھی۔
ملزمان یتیم طالب علم کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد اسے بلک میل بھی کررہے تھے جس پر بدنامی کے خوف سے عدنان نے گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کر لی تھی۔
پولیس نے واقعے کے چند روز بعد ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا اور ملزمان نے اعتراف جرم بھی کیا تھا۔