پاکستان
Time 19 جنوری ، 2020

وزیراعظم عمران خان اپوزیشن سے بات کرنے کیلئے تیار ہیں: نعیم الحق

وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم اپوزیشن سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے نعیم الحق کا کہنا تھا کہ  کینسر کی وجہ سے کئی ماہ سے زیر علاج تھا تاہم اس ہفتے سے سیاسی سرگرمیاں شروع کروں گا۔ 

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپوزیشن سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں، اگر  اپوزیشن کی جانب سے صرف اشارہ ہوجائے تو حکومت پیچھے نہیں ہٹے گی۔

معاون خصوصی کا کہنا ہے کہ تمام اقدامات آئین کے تحت اٹھائیں گے، سیاسی اکابرین جس موضوع پر بھی بات کریں آئین کو ملحوظ رکھیں، وزیراعظم کی ایک ہی خواہش ہے سیاسی جماعتیں آئین کو سامنے رکھیں کیوں کہ ہم آئین کے تحت ہی آگے بڑھ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اتحادیوں کے خدشات بجا ہیں لیکن انہیں بتانا ہے کہ حکومت کے پاس پیسے نہیں ہیں، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔

نعیم الحق کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان قومی اسمبلی میں اپنی پہلی تقریر بہت دوستانہ کرنے والے تھے لیکن اپوزیشن کے احتجاج کے باعث وہ دوستانہ تقریر نہ کرسکے، اگر  وہ کرلیتے تو آج حالات مختلف ہوتے

ان کا کہنا ہے کہ ہماری سیاست میں کچھ لو اور کچھ دو کا معاملہ رہتا ہے لیکن نواز شریف کے معاملے میں ’لو یا دو‘ کا کوئی معاملہ نہیں ہوا۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان اپوزیشن کے حوالے سے سخت مؤقف رکھتے ہیں اور  اپنی تقریر میں دوٹوک اعلان کرچکے ہیں کہ جنہوں نے ملک کو کنگال کیا اور لوگوں پرمشکلات ڈالیں ان سے جواب لوں گا اس لیے یہ جس بادشاہ سے سفارش کرائیں مجھے کوئی فرق نہیں پڑے گا اور این آر او کی کوئی چھوٹ نہیں دوں گا۔

وزیراعظم عمران خان نے چین میں تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ صدر شی جن پنگ کرپشن کے خلاف کڑی مہم چلا رہے ہیں اوریہ اسی کا نتیجہ ہے کہ چین نے کرپشن میں ملوث 400 وزراء کو جیل میں بھیجا، کاش میں بھی چینی صدر کی تقلید کرتے ہوئے 500 کرپٹ لوگوں کو جیل بھیج سکوں کیونکہ ملک میں سرمایہ کاری نہ آنے کی سب سے بڑی وجہ کرپشن ہے

مزید خبریں :