پاکستان
Time 26 جنوری ، 2020

کے پی اور پنجاب کا انتشار ختم، کل بلوچستان کا بھی ختم ہوجائے گا: وزیر دفاع

جن لوگوں کے ذاتی کام نہیں ہوئے، ان کی نظر میں وزیر اعلیٰ اور خیبر پختونخوا حکومت دونوں خراب ہوگئے: پرویز خٹک— فوٹو:فائل 

وفاقی وزیر برائے دفاع پرویز خٹک نے پیش گوئی کی ہے کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب حکومتوں  کا انتشار ختم ہوگیا جبکہ کل بلوچستان کا بھی ختم ہوجائے گا۔

نوشہرہ میں جیو نیوز سے گفتگو میں پرویز خٹک نے کہا کہ جن لوگوں کے ذاتی کام نہیں ہوئے، ان کی نظر میں وزیر اعلیٰ اور خیبر پختونخوا حکومت دونوں خراب ہوگئے، اگر ان کے ذاتی کام ہوجاتے تو حکومت اور وزیر اعلیٰ دونوں ٹھیک ہوجاتے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ذاتی مسئلے حل ہوجاتے تو نہ حکومت کرپٹ ہوتی، نہ وزیر اعلیٰ خراب ہوا، کسی میں ہمت ہے تو سچ بولے کہ کس وجہ سے احتجاج کررہا ہے، پارٹی کے خلاف جانے والوں کو نوٹسز جاری کررہے ہیں، پارٹی میں جو اختلافات تھے، اس پر پارٹی کے اندر بات ہونی چاہیے تھی۔

پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ پنجاب اورخیبرپختونخوا حکومت میں جو انتشار تھا وہ ختم ہوچکا، کل تک بلوچستان حکومت کا انتشار بھی ختم ہوجائے گا کیوں کہ بلوچستان عوامی پارٹی سے مذاکرات ہورہے ہیں۔ 

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اتحادی جماعتوں کے ساتھ جو وعدےکیے، وہ پورے کررہے ہیں، اگلے 3 سال میں کوئی مسئلہ نہیں آئے گا جس سے اتحاد میں شامل جماعتیں ناراض ہوں۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف نے شہرام ترکئی اور عاطف خان سمیت 3 صوبائی وزراء کو خیبر پختونخوا کابینہ سے برطرف کردیا۔

اس حوالے سے صوبائی وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ برطرف وزراء کابینہ کے فیصلوں سے انحراف اور حکومت کے لئے مشکلات پیدا کر رہے تھے اس لیے وزیراعظم عمران خان نے تینوں وزراء کے منفی طرز عمل کی وجہ سے انہیں فارغ کرنے کا فیصلہ کیا۔

مزید خبریں :