24 اگست ، 2012
کراچی … پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما نواب تیمور تالپور نے اپنی ہی جماعت کے وزیر علی مردان شاہ پر اسمگلنگ سمیت سنگین الزامات عائد کردیئے،علی مردان شاہ کا کہنا ہے کہ کرپشن کی ضرورت نہیں، الزامات بے بنیاد ہیں، وزیراعلیٰ سندھ نے اختلافات دور کرانے کیلئے 5 رکنی کمیٹی قائم کردی۔ پیپلزپارٹی کے رہنما نواب تیمور تالپور کا وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ کو خط میں کہنا ہے کہ علی مردان شاہ عمر کوٹ سے بھارت اسمگلنگ میں ملوث ہیں، انہوں نے پارٹی کارکنوں کو نظر انداز کرکے اپنے کو ملازمین دیں۔ سندھ کے وزیر علی مردان شاہ کا کہنا ہے کہ عمر کوٹ کے عوام کے سامنے میرا کردار کھلی کتاب ہے، کرپشن کی ضرورت نہیں الزامات بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ بھوکا نہیں کہ اسمگلنگ کروں، تیمور تالپور گندی سیاست کررہے ہیں۔ دوسری جانب ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ قائم علی شاہ نے تیمور تالپور اور علی مردان شاہ کے درمیان اختلافات دور کرانے کیلئے 5 رکنی کمیٹی قائم کردی ہے جس کے سربراہ آغا سراج درانی ہوں گے۔