29 فروری ، 2020
کراچی: پاکستان رینجرز سندھ نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر شاہراہ قائدین پی ای سی ایچ بلاک 2 کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے کار شو روم سے ایک ملز م محمد عثمان کو گرفتار کیا اور اس کی نشاندہی پر 74 ہزار سرجیکل ماسک اور 200 انفلوژن واٹر ڈرپس برآمد کرلیں۔
رینجرز ترجمان کے مطابق ملزم محمد عثمان نے کورونا وائرس سے احتیاط کے لیے شہریوں کی جانب سے ماسک کی بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ کے پیشِ نظر شو روم کے مالک مزمل امام کے ساتھ شراکت داری کی اور ملزم او ایل ایکس پر مہنگے داموں بڑے پیمانے پر ماسک فروخت کر رہا تھا۔
پاکستان ر ینجرز سندھ کی جانب سے ایک اور کارروائی کے دوران واٹر پمپ چورنگی سے دکاندار عماد کو گرفتا ر کیا گیا جس سے بھاری مقدار میں فیس ماسک برآمد کر لیے جو کہ وہ فی پیکٹ 1650 روپے میں فروخت کر رہاتھا۔
یاد رہے کہ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے دو کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے ایک مریض کراچی میں جب کہ دوسرا اسلام آباد میں زیرعلاج ہے۔
رینجرز ترجمان نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی شر پسند عناصر، مشکوک سرگرمی اور ناخوشگوار واقعہ کی فوری اطلاع تعینات رینجرز اہلکار، رینجرز ہیلپ لائن پر 1101 کال کریں۔