پاکستان

کیماڑی میں سویابین ڈسٹ سے ماں کی موت پر بیٹا عدالت پہنچ گیا

مبینہ طور پر جان لیوا ڈسٹ کا سبب بننے والے جہاز ہرکیولس

کراچی کے علاقے کیماڑی میں مبینہ طور پر سویابین آلودگی سے جاں بحق ایک خاتون کے بیٹے نے بحری جہاز 'ہرکیولس' کے عملے کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لیے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو درخواست دے دی۔

کیماڑی کے رہائشی متاثرہ شہری ساجد خان نے در محمد شاہ ایڈووکیٹ کے توسط سے درخواست دائر کی ہے جس پر عدالت نے ایس ایچ او جیکسن سے 7 مارچ کو جواب طلب کرلیا ہے۔

درخواست گزار کے مطابق 16 فروری کو وہ کام پر تھا کہ گھر سے امی کی طبیعت خراب ہونے کی کال آئی، وہ فوری طور پر گھر پہنچا امی کو سانس لینے میں شدید دشواری ہو رہی تھی،وہ والدہ کو لے کر نجی اسپتال گیا جہاں اور بھی بہت سارے لوگ یہ شکایت لے کر اپنے عزیزوں کو لے کر آئے ہوئے تھے۔

ساجد خان کے مطابق اسپتال کے عملے نے چیک اپ کے بعد بتایا کہ ان کی والدہ کا انتقال ہوگیا ہے۔ تجہیز و تکفین کے بعد انہیں اب اصل صورتحال معلوم ہوئی ہے کہ یہ آلودگی کراچی بندرگاہ پر لنگرانداز بحری جہاز ہرکیولس سے سویابین اتارنے سے پیدا ہوئی۔

درخواست گزار کے مطابق سویابین کی زہریلی ڈسٹ ہوا میں شامل ہوکر اطراف کے علاقے کو متاثر کرتی رہی۔میری والدہ کی موت اسی زہریلی آلودگی کے سبب ہوئی۔

درخواست گزار نے در محمد شاہ ایڈووکیٹ کے توسط سے جہاز کے عملے کے خلاف غفلت لاپرواہی اور اپنی والدہ کی موت کا سبب بننے کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی ہے۔

ایڈوکیٹ دور محمد شاہ کے مطابق عدالت نے ایس ایچ او جیکسن سے سات مارچ کو جواب طلب کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ جیکسن پولیس 9 افراد کی موت کا سبب بننے والی اس آلودگی کے سلسلے میں پہلے ہی سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کر چکی ہے۔

پولیس کے مطابق اس وجہ سے حساس ادارے کے ایک اہلکار سمیت 11 اموات ہوئی ہیں جب کہ محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں 14 سے زائد لوگ موت کا شکار جبکہ 500 سے زائد متاثر ہوئے۔

مزید خبریں :