اسلام آباد میں پاک فضائیہ کا ایف 16 طیارہ گرکر تباہ، پائلٹ شہید

اسلام آباد: شکرپڑیاں کے قریب پاک فضائیہ کا ایف-16 طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جب کہ اس میں سوار پائلٹ ونگ کمانڈر  نعمان اکرم بھی شہید ہوگئے۔

 جیو نیوز کے مطابق طیارہ مشہور چاندتارا چوک  کے قریب جنگل میں گر کر تباہ ہوا جس کے بعد طیارے میں آگ لگ گئی اور جائے حادثہ سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے، طیارہ جس مقام پر گرا اس کے پیچھے پاکستان اسپورٹس بورڈ امپلائی کالونی بھی واقع ہے۔

— جیو نیوز/ اسکرین گریب 

ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے حادثے کی تصدیق کردی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ ایف-16 طیارہ 23 مارچ یوم پاکستان پریڈ کے لیے ریہرسل کر رہا تھا کہ اس دوران  شکر پڑیاں کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔

ترجمان کے مطابق طیارے کے پائلٹ ونگ کمانڈر نعمان اکرم بھی حادثے میں شہید ہوگئے جن کی نماز جنازہ  ائیر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں ادا کی گئی جس میں ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان سمیت دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔

—طیارے کے پائلٹ ونگ کمانڈر نعمان اکرم بھی شہید ہوگئے۔

ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ  حادثے کی تحقیقات کے لیے ائیرہیڈکوارٹرز میں اعلیٰ سطح کا انکوائری بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق حادثے کی جگہ کو سیکیورٹی اداروں نے گھیرے میں لے لیا ہے،  ریسکیو ٹیمیں بھی جائے حادثے پر موجود ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

23 مارچ کی پریڈ شہید ونگ کمانڈرنعمان اکرم کے نام سے منسوب کی جائے

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے  شہید ونگ کمانڈرنعمان اکرم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ونگ کمانڈر نعمان اکرم پاکستان کے قابل فخر سپوت تھے، 23مارچ کی پریڈ شہید ونگ کمانڈر نعمان اکرم کے نام سے منسوب کی جائے۔

سراج الحق نے کہا کہ قوم کی تمام تر ہمدردیاں شہید کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔

مزید خبریں :