27 اگست ، 2012
قاہرہ… مصر کے فوجی انجینئرز نے جزیرہ نما شہر سینائی میں عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کے دوران غزہ اور مصر کے درمیان اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی 120 سے زائد زیرزمین سرنگیں بندکردیں۔ مصر کے ایک سیکورٹی آفیسر نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ آپریشن حکومت کو مطلوب 120 سے زائد عسکریت پسندوں کی تلاش کیلئے شروع کیاگیا تھا جس کے حوالے سے حکام کاموقف ہے کہ سینائی اورملحقہ علاقوں میں 1600 سے زائد شدت پسند روپوش ہیں جنہوں نے گزشتہ ہفتے گھات لگا کر راکٹوں کے ذریعے بموں سے پولیس اہلکاروں کے قافلے پر حملہ کردیا تھا جس سے تین اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ان سرنگوں کے ذریعے مصر اور غزہ کے درمیان دوطرفہ اسمگلنگ جاری تھی جس میں کاریں اور دیگر اشیاء کو غیرقانونی طورپر آرپار بھیجاجارہا تھا ۔ ان کاکہنا تھاکہ سرنگوں کی بندش روزانہ کی بنیاد پر کی جارہی ہے صرف گزشتہ دو روز کے دوران 12 سے زائد سرنگیں بند کی گئی ہیں ۔فورسز نے سات ایسے گھروں کو مسمار کیا ہے جہاں سے سرنگیں کھود کر سرحد کی دوسری جانب لے جائی گئی تھیں جبکہ دو ایسی بڑی سرنگیں بند کی گئی ہیں جہاں سے کاروں کی اسمگلنگ کی جارہی تھی ۔