دنیا
Time 15 مارچ ، 2020

کورونا وائرس: امر یکی سفری پابندیوں نے نیا اقتصادی بحران پیدا کر دیا

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کی وجہ سے لگائی جانے والی امر یکی سفری پابندیوں نے نیا اقتصادی بحران پیدا کر دیا ہے۔

امریکا نے سفری پابندیوں کا دائرہ کار 28 ممالک تک بڑھا کر برطانیہ اور آئرلینڈ سے آنے والے مسافروں پر بھی امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

امریکی سفری پابندیوں کے باعث برطانوی ائیر لائنز پر قیامت ٹوٹ پڑی اور مشکلات کا شکار برٹش ائیر ویز کو مزید خسارے کا سامنا ہونے کا خدشہ ہے۔

 خیال رہے کہ برٹش ائیر ویز کو لندن نیویارک پروازوں سے سالانہ 100 ارب ڈالر آمدنی حاصل ہوتی ہے۔

دوسری جانب بدحالی کی شکار ورجن اٹلانٹک ائیرویز بھی برطانوی حکومت سے ساڑھے 7 ارب پاؤنڈکے بیل آوٹ پیکیج کی منتظر ہے۔

علاوہ ازیں برطانیہ میں ہالیڈے سیزن پر پیداہونے والی 5 لاکھ نوکریاں جان لیوا کورونا وائرس کے سبب منجمد ہو گئ ہیں۔

خیال رہے کہ دنیا بھر کورونا وائرس کی وجہ سے معیشت کو شدید خطرہ لاحق ہے، دنیا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیشِ نظر جہاں متعدد کمپنیوں نے اپنے دفاتر بند کر دیے ہیں وہیں بڑی بڑی عالمی کانفرنسز، نمائشیں اور کھیلوں کے مقابلے  منسوخ کیے جا چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے خوف اور عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں بھی  شدید کمی نے عالمی اسٹاک مارکیٹس بٹھا دیں ہیں۔

حالیہ اعداد و شمار کے مطابق اگر کورونا وائرس زیادہ عرصے تک برقرار رہا تو اس سے ہالی وڈ کو صرف ایشیاء میں ہی 2 ارب ڈالر یا اس سے زائد نقصان ہو سکتا ہے۔

کورونا وائرس کے باعث بھارت میں ہونے والی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) بھی منسوخ کر دی گئی ہے جب کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اولمکس گیمز بھی منسوخ کرنے کی تجویز دی ہے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کا کہنا ہے پی ایس ایل اپنے شیڈول کے مطابق جاری رہے گی تاہم پی سی بی کی اجازت کے بعد کئی غیر ملکی کھلاڑی اپنے وطن کو روانہ ہو چکے ہیں۔

کورونا صورتحال

عالمی وبا کورونا سے 152 ممالک متاثر ہوچکے ہیں جس کے بعد کل کیسز کی تعداد ایک لاکھ 56 ہزار 730 ہوگئی ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 5 ہزار 839 پہنچ گئی ہے۔

چین کے نیشنل ہیلتھ سینٹر کے مطابق وائرس پر اب قابو پایا جا رہا ہے اور مریضوں کی تعداد میں واضح کمی ہو رہی ہے، چین میں مزید 20 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی تعداد 80 ہزار844 ہوگئی ہے جب کہ دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 5 ہزار 800 سے زائد ہو چکی ہے۔

مزید خبریں :