19 مارچ ، 2020
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے قوم سے اپیل کی ہے کہ کورونا وائرس کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے تمام اختلافات بھلا کر ایک دوسرے کی مدد کی جائے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس جنگ میں باقی سب چیزیں ثانوی ہیں کیونکہ اس کا مقابلہ ہر گھر اور ہر خاندان نے کرنا ہے، اپنی حفاظت کو یقینی بنائیں اور پھر دوسروں کی بھی مدد کریں۔
صدر مملکت نے تمام سیاست دانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس موقع پر اختلافات کو بھلا کر مد کے لیے آگے آئیں۔
انہوں نے علمائے کرام اور میڈیا سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاط اور آگاہی کے پیغام کو پھیلائیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے 2 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جب کہ ملک بھر میں متاثرہ افرادکی مجموعی تعداد 329 ہو گئی ہے۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک میں بڑے ہوٹلز کو قرنطینہ سینٹرز میں تبدیل کرنے کےلیے صوبوں کے چیف سیکریٹریوں کو خط لکھ دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے آزاد کشمیر سمیت تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو 16 مارچ کو خط لکھا گیا جس میں کہا گیا ہےکہ کورونا وائرس کو مزید پھیلاو سے روکنے کے اقدامات کے پیش نظر ملک میں تھری اور فور اسٹار ہوٹلز کو خالی کروا کر قرنطینہ مراکز میں تبدیل کیا جائے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے ایک مشتبہ شخص کے لیے ایک کمرہ کی پالیسی اپنائی جائے۔