28 اگست ، 2012
پیرس …فرانسیسی صدر فرانسو اولاند نے کہا ہے کہ شامی اپوزیشن نے عبوری حکومت تشکیل دی تو ان کا ملک اسے شام کی نمائندہ حکومت تسلیم کرے گا۔انہوں نے عرب ممالک پر عوام کی نمائندہ عبوری حکومت کے قیام کے لیے شامی اپوزیشن کے ساتھ تعاون بڑھانے پر زور دیا۔وہ منگل کو پیرس میں الیزیہ شاہی محل میں سفیروں کی سالانہ کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ بشار الاسد کی حکومت نے اپنی آمریت بچانے کے لیے عوام پر کیمیائی ہتھیار استعمال کیے تو دمشق کے خلاف عالمی مداخلت کی راہ ہموار ہو جائے گی۔ اولانڈ نے کہا کہ میں یہ بات پوری طرح واضح کر دوں کہ ہم اپنے اتحادیوں کے ساتھ شام میں عوام پر جوہری ہتھیاروں کے استعمال کے خطرات کے انسداد کے لیے چوکس ہیں۔ اگر شامی حکومت نے اپنے دفاع کے لیے خطرناک اسلحہ استعمال کیا عالمی برادری کو شام میں مداخلت کا آئینی جواز مل جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم شام میں جلد از جلد انتقال اقتدار کی بات کرتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ شامی اپوزیشن اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کر کے ملک کی جامع اور نمائندہ حکومت کی تشکیل کا اعلان کرے تاکہ دنیا کو شام کی نئی حکومت کے ساتھ معاملات طے کرنے میں آسانی پیدا ہو۔