08 اپریل ، 2020
وزارت داخلہ نے لاک ڈاؤن کے باعث پاکستان میں موجود تمام غیر ملکیوں کے ویزے کی میعاد بڑھانے کا اعلان کردیا۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن سے قبل ہی وفاقی ملازمین نے قلم چھوڑ ہڑتال کررکھی تھی جس کے باعث تمام دفتری امور ٹھپ ہوکر رہ گئے تھے۔
دفتری امور ٹھپ ہوجانے کی وجہ سے غیر ملکی افراد کے ویزے کی میعاد بھی نہیں بڑھائی جاسکی تھیں اور انہیں شدید مشکلات کا سامنا تھا تاہم اس دوران ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث لاک ڈاؤن کردیا گیا۔
وزارت داخلہ کے مطابق تمام غیرملکی افراد کے ویزہ میں 30 اپریل تک توسیع کا فیصلہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔
وزارت داخلہ نے بتایا کہ یہ فیصلہ لوگوں کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے جبکہ ویزہ توسیع کے بارے میں احکامات اور تفصیلات نادرا کی ویب سائٹ پر بھی ہیں۔