Time 09 جون ، 2020
کاروبار

بجٹ میں ریلوے منصوبوں کیلئے 24 ارب مختص کرنیکی تجویزمنظور

اسلام آباد:  آئندہ مالی سال 2020-21کے بجٹ میں ریلوے کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 24ارب روپے مختص کرنے کی تجویز کی منظوری دی گئی ہے۔

اس میں ریلوے کے جاری منصوبوں کیلئے 12 ارب 84 کروڑر وپے اور نئی اسکیموں کیلئے 11ارب 16کروڑرو پے مختص کئے گئے ہیں۔

 دستاویزات کے مطابق سالانہ منصوبہ بندی رابطہ کمیٹی نے پی ایس ڈی پی کے تحت ریلوے کے جن مجوزہ منصوبوں کی منظوری دی۔ ان میں سب سے اہم منصوبہ سی پیک کے تحت ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن ہے جس کیلئے 6 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔

 منصوبہ کے تحت ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن اور حویلیاں ڈرائی پورٹ کی تعمیر کی جائیگی۔ نئی سکیموں میں ریلوے کے پلوں کےڈیزائن کو مرتب کرنے کیلئے دو کروڑ 15 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔

 کراچی سے حیدرآباد تک ایم ایل ون کے تحت نئی دہری ریلوے لائن بچھانے کیلئے 7 کروڑر وپے ، کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کے فیز ٹو کیلئے30 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔

جاری منصوبوں میں ریلوے سٹیشنوں کی اپ گریڈیشن اور تزئین وآرائش کیلئے پانچ کروڑ روپے ، ڈرائی پورٹس کے ٹرمینلز کی سہولت میں اضافہ کیلئے ساڑھے 10 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں، ترقیاتی بجٹ کی حتمی منظوری قومی اقتصادی کونسل دیگی۔

مزید خبریں :