پاکستان
Time 27 جولائی ، 2020

سندھ کورونا ریلیف ترمیمی بل: آئسولیشن کے دوران کی گئی چھٹیاں ڈیوٹی تصور ہوں گی

 بل کے تحت کورونا وائرس سے متاثرہ یومیہ اجرت ،دیہاڑی پر کام کرنے والے افراد کورونا کا شکار ہوئے تو سندھ حکومت امداد دے گی،فوٹو:فائل

سندھ اسمبلی نے سندھ کورونا ایمرجنسی ریلیف ترمیمی بل 2020ء متفقہ طور پر منظور کرلیا۔

سندھ اسمبلی میں منظور کیے گئے ترمیمی بل کے تحت  آئسولیشن کے عرصے کے دوران یومیہ اجرت پر کام کرنے والے افراد کی مالی مدد کی جائے گی اور ملازمت پیشہ افراد کی کورونا آئسولیشن کے دوران کی گئی چھٹیاں ڈیوٹی تصور کی جائیں گی۔

بل کے مطابق کسی بھی ملازم کے کورونا کے شکار ہونے کی صورت میں آئسولیشن کی مدت کی تنخواہ ادا نہ کرنا قابل سزا جرم ہوگا۔

 ترمیمی بل کے تحت کسی بھی عوامی مقام پر ماسک کا استعمال لازم ہوگا۔

 کارروائی کے دوران سندھ سیف سٹیز اتھارٹی بل پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی گئی جس کی شق وار منظوری دیکر بل کو منظور کرلیا گیا۔

ایوان نے جنگلی حیات کے تحفظ و افزائش سے متعلق مسودہ قانون بھی منظور کرلیا۔

اس کے علاوہ ایوان نے اپنے اجلاس میں انسداد منشیات سے متعلق قوانین میں ترمیمی بل بھی منظور کرلیا، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رکن خواجہ اظہار نے رائے دی تھی کہ اس بل کی منظوری سے قبل ترامیم پر مفصل طریقے سے غور و خوض کرلیا جائے۔

مزید خبریں :