05 ستمبر ، 2020
یورپی مسلم اکثریتی ملک کوسوو نے بھی اسرائیل کو تسلیم کرلیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ مشرق وسطیٰ کے امن کیلئے ایک اور بڑا دن ہے ، مسلم اکثریتی کوسوو اور اسرائیل تعلقات معمول پر لانے اور سفارتی تعلقات قائم کرنے کیلئے رضامند ہوگئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ دنوں میں مزید مسلم اور عرب ممالک اسرائیل کو تسلیم کریں گے۔
ترک میڈیا کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کی زیر صدارت اجلاس میں کوسوو نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان جلد سفارتی تعلقات قائم ہو جائیں گے۔
اس کے علاوہ یورپی ملک سربیا نے بھی اپنا سفارتخانہ مقبوضہ بیت المقدس (یروشلم) منتقل کرنے کا اعلان کیا ہے اور اگلے سال جولائی تک سربیا کا سفارتخانہ وہاں منتقل کردیا جائے گا۔
اس اعلان کے بعد سربیا پہلا یورپی ملک بن گیا ہے جس نے اپنا سفارتخانہ یروشلم منتقل کرنے کا اعلان کیا ہے جب کہ اس اعلان پر بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔
دوسری جانب امریکا نے کوسوو اور سربیا کے درمیان بھی معاہدہ کرادیا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات معمول پر لانے کیلئے معاہدہ کیا گیا ہے۔ دونوں ملکوں نے صدر ٹرمپ کی موجودگی میں معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں متحدہ عرب امارات نے بھی اسرائیل کو تسلیم کیا تھااور اب دونوں ملکوں کے درمیان پروازیں بھی چل رہی ہیں۔