10 ستمبر ، 2012
ڈیرہ غازی خان … ڈیرہ غازی خان میں شدید بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی جس کے بعد سیلابی پانی شہر میں داخل ہوگیا ہے، ہزاروں افراد پانی میں پھنس گئے ، انتظامیہ نے ڈی جی خان میں ہنگامی حالت کا اعلان کردیا، بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے بعد شہریوں کو دوہری پریشانی کا سامنا ہے جبکہ کمشنر ڈی جی خان طارق محمود کا کہنا ہے کہ پہلے سے اطلاع دی جاچکی تھی، امدادی کارروائیاں جاری ہیں، 5 ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرچکے ہیں جبکہ شہر میں پانی کی سطح میں کمی واقع ہورہی ہے۔ ملک بھر میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور پنجاب کے علاقے ڈیرہ غازی خان میں پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کے بعد بارش اور سیلابی پانی شہر تک پہنچ گیا، بلاک 37، گئو شالہ، ریلوے پلی اور ملحقہ علاقوں میں سیلابی پانی گھروں میں داخل ہوگیا ، ضلعی انتظامیہ نے شہر میں ہنگامی حالات کا اعلان کردیا ہے۔ بارش کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہے اور شہر مکمل طور پر اندھیرے میں ڈوبا ہوا ہے، ہر طرف پانی ہی پانی نظر آرہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے امدادی کارروائیاں شروع نہیں کی گئیں جبکہ انتظامیہ کے عملے سے رابطہ بھی نہیں ہورہا، دوسری جانب کمشنر ڈیرہ غازی خان طارق محمود کا کہنا ہے کہ شہر میں پانی کا لیول کم ہورہا ہے اور ہم پہلے سے اس بارے میں اطلاع دے چکے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں صبح سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جارہا ہے اور اب تک 5 ہزار لوگوں کو ریسکیو کیا جاچکا ہے۔ کمشنر طارق محمود نے کہا ہے کہ ہمارے ریلیف کیمپ کام کررہے ہیں اور متاثرین کو کالج اور اسکولوں میں قائم ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا جارہا ہے، امدادی کارروائیوں میں ڈی جی خان، مظفر گڑھ اور لیہ کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریسکیو کا کام جاری ہے، جلد ہی تمام لوگوں کو نکال لیا جائے گا، طغیانی اور سیلابی پانی ریلوے لائن کی طرف سے شہر میں داخل ہوا، ریلوے ٹریک کے آس پاس کی آبادیاں زیادہ متاثر ہوئی ہیں۔ کمشنر ڈی جی خان کا کہنا ہے کہ صرف 400 سے زائد لوگ اس وقت پانی میں پھنسے ہوئے ہیں، جلد انہیں بھی ریسکیو کرلیا جائے گا، شہر کے اندر بہت کم پانی داخل ہوا ہے۔