پاکستان
Time 24 ستمبر ، 2020

بھارت میں پاکستانی ہندوؤں کے قتل کیخلاف اسلام آباد میں ہندو کونسل کا احتجاج

بھارت میں 11 پاکستانی ہندوؤں کے قتل کے خلاف پاکستان ہندو کونسل کی اپیل پر اسلام آباد میں احتجاج کیا گیا۔

مظاہرین کاکہنا تھا کہ بھارتی حکومت راجستھان میں قتل ہونے والے پاکستانی ہندوؤں کے قتل کی تحقیقات کرے اور اصل مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچائے۔

مظاہرین نے ہاتھوں پر بینرز اٹھارکھے تھے جن پر بھارتی حکومت کے خلاف مختلف نعرے درج تھے۔

دوسری جانب بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے دھرنا دینے کے لیے سندھ سے آئی ہندوبرادری کے افراد کے قافلے ننکانہ صاحب سے اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہیں۔

 قافلے میں سندھ بھر سے ہندو خواتین ، بچے اور مرد شامل ہیں، اس موقع پر موٹروے پرضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیےگئے ہیں۔

رہنما ہندو کونسل بھگوان داس کا کہنا ہے کہ بھارتی ظلم دنیا کے سامنے لائیں گے، پاکستان میں ہندوؤں سمیت تمام اقلیتیں محفوظ ہیں۔

خیال رہے کہ 9 اگست 2020 کو بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع جودھ پور میں 11 پاکستانی ہندو پراسرار طور پر ہلاک کر دیے گئے تھے۔

متاثرہ خاندان کے ایک فرد کی بیٹی شری متی مکھی نے پریس کانفرنس میں الزام لگایا تھا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ نے ان کے خاندان کو پاکستان مخالف ایجنٹ بننے کا کہا لیکن انکار پر انہیں قتل کردیا گیا۔

مزید خبریں :